پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نعمان امام کی غزلیں — Noman Imam Ghazals

نعمان امام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لہو کی بے بسی کو یوں نہ رسوا چھوڑ دینا تھا (غزل)

لہو کی بے بسی کو یوں نہ رسوا چھوڑ دینا تھا

کچھ اس میں غیرت جاں کا حوالہ چھوڑ دینا تھا

میں آئینوں میں خود کو ڈھونڈھتا ہوں خود نہیں ملتا

مرے چہروں میں کوئی میرا چہرہ چھوڑ دینا تھا

عجب گھر ہیں کہ جن میں کوئی کھڑکی ہے نہ دروازہ

ہوا کے آنے جانے کا تو رستہ چھوڑ دینا تھا

عبث ساحل پہ تم لہروں کو کیوں گن رہے یوں ہی

جو خواہش موتیوں کی تھی کنارہ چھوڑ دینا تھا

انہیں تو کربلا کی تشنگی آواز دیتی تھی

وہ دریا تھے انہیں شہر مدینہ چھوڑ دینا تھا

فسادوں کے زمانے میں سکوں اچھا نہیں لگتا

کسی افواہ کا کوئی شگوفہ چھوڑ دینا تھا

نمود و نام نے کس کو کہاں پر کب سکوں بخشا

میاں اس کے لیے شہرت کا سودا چھوڑ دینا تھا

کن دشمنوں کا تیر بنایا گیا ہوں میں (غزل)

کن دشمنوں کا تیر بنایا گیا ہوں میں

اپنے ہی جسم و جاں میں اتارا گیا ہوں میں

جو سب سے کٹ چکا ہوں تو حیرت کی بات کیا

اب اپنے ساتھ بھی کہاں پایا گیا ہوں میں

اک عمر تک تو میں بھی زمانے کے ساتھ تھا

کچھ بات ہے جو لوٹ کے گھر آ گیا ہوں میں

وہ ماہ وش سنا ہے کہ گزرے گا اس طرف

اک کہکشاں سی راہ میں بکھرا گیا ہوں میں

خود اپنے آپ سے بھی کہاں تھا میں مطمئن

اب جو زمانے تجھ کو بھی راس آ گیا ہوں میں

اک سانحہ سا دفن ہوں لیکن کبھی کبھی

صدیوں کی قبر سے بھی اٹھایا گیا ہوں میں

اب کس طرح میں اپنے لبوں کو سمیٹ لوں

کن آندھیوں کی زد پہ چلایا گیا ہوں میں

مزید غزلیں از نعمان امام ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں