پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nooh Narvi کی غزلیں — Nooh Narvi Ghazals

Nooh Narvi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آپ جن کے قریب ہوتے ہیں (غزل)

آپ جن کے قریب ہوتے ہیں

وہ بڑے خوش نصیب ہوتے ہیں

جب طبیعت کسی پر آتی ہے

موت کے دن قریب ہوتے ہیں

مجھ سے ملنا پھر آپ کا ملنا

آپ کس کو نصیب ہوتے ہیں

ظلم سہہ کر جو اف نہیں کرتے

ان کے دل بھی عجیب ہوتے ہیں

عشق میں اور کچھ نہیں ملتا

سیکڑوں غم نصیب ہوتے ہیں

نوحؔ کی قدر کوئی کیا جانے

کہیں ایسے ادیب ہوتے ہیں

وہ کریں گے مرا قصور معاف (غزل)

وہ کریں گے مرا قصور معاف

ہو چکا کر چکے ضرور معاف

حسن کو بے قصور کہتے ہیں

ہے قصور آپ کا قصور معاف

میں نے یہ جان کر خطائیں کیں

ہر خطا ہوگی بالضرور معاف

وہ ہنسی آ گئی ترے لب پر

ہو گیا وہ مرا قصور معاف

بے خودی میں جو ہو خطا ہم سے

کم سے کم وہ تو ہو ضرور معاف

خامشی ان کی مجھ سے کہتی ہے

اب ہوا اب ہوا قصور معاف

پھر نہ تم بخشنا کبھی مجھ کو

پہلی تقصیر ہو ضرور معاف

ہاتھ بھی جوڑے پانو پر بھی گرا

اب تو کہہ دو کیا قصور معاف

ہے یہی کام اس کی رحمت کا

ہوں گے میرے گنہ ضرور معاف

اور عادت مری خراب ہوئی

کاش کرتے نہ وہ قصور معاف

خود یہ اقرار جرم کرتے ہیں

کیجئے نوحؔ کو ضرور معاف

مزید غزلیں از Nooh Narvi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں