Noman Badr کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں ترے واسطے لڑتے ہوئے مارا جاتا (غزل)
میں ترے واسطے لڑتے ہوئے مارا جاتا
عشق والوں میں محبت سے پکارا جاتا
سنگ سے شیشہ بناتے ہیں بنانے والے
کوئی ہوتا تو مرے دل کو سدھارا جاتا
یار لوگوں نے بچھڑنے میں بہت جلدی کی
ساتھ چلتے تو مقدر بھی سنوارا جاتا
میں محبت کے قبیلے کا پیمبر ہوتا
تو صحیفے کی طرح مجھ پہ اتارا جاتا
تیری آنکھوں سے کوئی نظم تراشی جاتی
تیرے ہونٹوں سے کوئی شعر ابھارا جاتا
چاہتا میں تو اسے چھوڑ کے جا سکتا تھا
گاؤں مٹ جاتا جو دریا کا کنارہ جاتا
اب کوئی اور وسیلہ مرے جینے کے لیے
اب ترا ہجر نہیں مجھ سے گزارا جاتا
پہلے انسان محبت میں مرا ہے شاید (غزل)
پہلے انسان محبت میں مرا ہے شاید
زہر تو بعد میں ایجاد ہوا ہے شاید
لفظ احساس کو تصویر نہیں کر سکتے
عشق دنیا کی زبانوں سے بڑا ہے شاید
حسن کی طرح ترا عشق مکمل تھا مگر
یہ جدائی مری قسمت کا لکھا ہے شاید
میں جسے ڈھونڈ رہا ہوں ترے خال و خد میں
در حقیقت کہیں خوابوں میں بسا ہے شاید
زیب دیتا ہے اسے اتنا تغافل مجھ سے
وہ کہیں اور بھی مصروف وفا ہے شاید
تو کہ شہکار صناع ہر اولیں (نظم)
تو کہ شہکار صناع ہر اولیں
تو بیاں میں نہیں دسترس میں نہیں
حسن کافر ترا آنکھ توبہ شکن
داؤ پر لگ گئے جان و ایمان بھی
تو دلیل سحر شمع بحر و بر
راہ ایمان بھی رنگ وجدان بھی
تیری آنکھوں میں دیر و حرم قید ہے
جام گلفام کیا جام جم قید ہے
گاہے رنگ غلاف حرم ہو گئیں
گاہے رنگ حنا دم بہ دم ہو گئیں
گاہے کتنوں کو بھٹکا دیا راہ سے
گاہے یہ منزلوں کا علم ہو گئیں
تیری پلکیں جھکیں چاند ڈھلنے لگے
شام ہونے لگی زخم جلنے لگے
ساحرہ پھر ترا سحر ہونے لگا
لوگ گرنے لگے ہوش اڑنے لگے
تیرا رخسار ہے چاندنی کی حیا
دودھ میں جیسے سندور گھلنے لگا
تیرے رخسار رنگ شفق ہو گئے
یعنی یہ شاعری کے افق ہو گئے
کس کو تشبیہ دوں استعارہ کروں
لب کو لب کے لیے ہی گوارا کروں
ہونٹ کیا آیتیں ہیں یہ قرآن کی
جان ہیں جان جاں یہ تری جان کی
ان سے چھو لیں تو الفاظ خوشبو بنیں
قہقہے نور بن جائیں جادو بنیں
شبنمی پنکھڑی پنکھڑی ہیں فقط
اور کیا میں کہوں زندگی ہیں فقط
سوچتا ہوں تو کچھ سوچا جاتا نہیں
حسن تیرا تو اب دیکھا جاتا نہیں
یعنی جاوید اخترؔ نے سچ ہی کہا
حسن جاناں کی تعریف ممکن نہیں