پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نعمان انور کی غزلیں — Noman Anwar Ghazals

نعمان انور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ ہنسنا یاد آتا ہے وہ رونا یاد آتا ہے (غزل)

وہ ہنسنا یاد آتا ہے وہ رونا یاد آتا ہے

تجھے اے زندگی پا کر وہ کھونا یاد آتا ہے

وہ شب بھر جاگنا چاہت میں اک گلزار لمحے کی

وہ تیری گود میں سر رکھ کے سونا یاد آتا ہے

ترے دل کی زمیں پر گل کھلانا اپنی الفت کے

ترے آنکھوں میں اپنے خواب بونا یاد آتا ہے

وہ خلوت میں بھی تیرا چوڑیوں سے کھیلتے رہنا

مرے ہم راہ ہو کر بھی نہ ہونا یاد آتا ہے

مجھے تو یاد ہیں اب تک تمہاری سرمگیں آنکھیں

تمہیں بھی کیا وہ اک لڑکا سلونا یاد آتا ہے

کہاں ہم بھول پائے ہیں تری بانہوں کا وہ تکیہ

وہ تیرے مخملیں تن کا بچھونا یاد آتا ہے

مجھے مسحور رکھنے کو ترا کیا کیا جتن کرنا

وہ جادو یاد آتا ہے وہ ٹونا یاد آتا ہے

انہیں ہاتھوں تجھے پھر سونپ دینا غیر کے ہاتھوں

سفینہ اپنی چاہت کا ڈبونا یاد آتا ہے

مہک اپنی ملاقاتوں کی ہے جن میں بسی اب تک

تمہارے گھر کا وہ اک ایک کونا یاد آتا ہے

میری ہر فکر ہر اک سوچ کا محور تو ہے (غزل)

میری ہر فکر ہر اک سوچ کا محور تو ہے

بس گیا ہے مری آنکھوں میں جو منظر تو ہے

یہ جو رقصاں ہے رگ و پے میں لہو کی مانند

یہ کوئی اور نہیں میرے ستم گر تو ہے

میں کہاں ذات میں اپنی ہوں مگر حظ قلیل

مجھ میں اے جان تمنا مری اکثر تو ہے

جسم پر خار لباسوں سے چھلا جاتا ہے

آ مرے دوست مجھے مخملیں استر تو ہے

چار سو ڈھونڈھتی پھرتی ہیں نگاہیں تجھ کو

مجھ کو آواز دے کس جا مرے دلبر تو ہے

چاہتیں تیری کسی اور سے منسوب رہیں

پھر مجھے کیوں ہے گماں میرا مقدر تو ہے

جانے والے کو کہاں روک سکا ہے کوئی

اتنا رنجیدہ بھلا کس لیے انورؔ تو ہے

مزید غزلیں از نعمان انور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں