پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نعمان شوق کی غزلیں — Nomaan Shauque Ghazals

نعمان شوق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آسمانوں سے زمیں کی طرف آتے ہوئے ہم (غزل)

آسمانوں سے زمیں کی طرف آتے ہوئے ہم

ایک مجمع کے لیے شعر سناتے ہوئے ہم

کس گماں میں ہیں ترے شہر کے بھٹکے ہوئے لوگ

دیکھنے والے پلٹ کر نہیں جاتے ہوئے ہم

کیسی جنت کے طلب گار ہیں تو جانتا ہے

تیری لکھی ہوئی دنیا کو مٹاتے ہوئے ہم

ریل دیکھی ہے کبھی سینے پہ چلنے والی

یاد تو ہوں گے تجھے ہاتھ ہلاتے ہوئے ہم

توڑ ڈالیں گے کسی دن گھنے جنگل کا غرور

لکڑیاں چنتے ہوئے آگ جلاتے ہوئے ہم

تم تو سردی کی حسیں دھوپ کا چہرہ ہو جسے

دیکھتے رہتے ہیں دیوار سے جاتے ہوئے ہم

خود کو یاد آتے ہی بے ساختہ ہنس پڑتے ہیں

کبھی خط تو کبھی تصویر جلاتے ہوئے ہم

بتاؤں کیسے کہ سچ بولنا ضروری ہے (غزل)

بتاؤں کیسے کہ سچ بولنا ضروری ہے

تعلقات میں یہ تجربہ ضروری ہے

نظر ہٹا بھی تو سکتی ہے کم نظر دنیا

وہیں ہے بھیڑ جہاں تخلیہ ضروری ہے

ترے بغیر کوئی اور عشق ہو کیسے

کہ مشرکوں کے لیے بھی خدا ضروری ہے

نہیں تو شہر یہ سو جائے گا سدا کے لیے

مجھے خبر ہے مرا بولنا ضروری ہے

کسی کو ہوتا نہیں یوں محبتوں کا یقیں

چراغ بجھ کے بتائے ہوا ضروری ہے

میں خود کو بھولتا جاتا ہوں اور ایسے میں

ترا پکارتے رہنا بڑا ضروری ہے

وہ میری روح کی آواز سن رہا ہوگا

بدن رہے نہ رہے رابطہ ضروری ہے

اچھے عشق کے لیے (نظم)

اچھے عشق کے لیے

بہت کچھ درکار ہے

عشق کے علاوہ بھی بہت کچھ

اور جن کے پاس عشق ہوتا ہے

بہت کچھ نہیں ہوتا ان کے پاس

برے لوگوں کے پاس

وہ سب کچھ ہوتا ہے

جس سے پیدا کیا جا سکے

اچھے اور سچے عشق کا

کبھی نہ ٹوٹنے والا بھرم

اچھا عشق

اچھے لوگوں کے بس کی بات نہیں

مزید غزلیں از نعمان شوق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں