پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nizamuddin Nizam کی غزلیں — Nizamuddin Nizam Ghazals

Nizamuddin Nizam کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جدا ہے تیرا سلیقہ ہے تیرا ڈھنگ الگ (غزل)

جدا ہے تیرا سلیقہ ہے تیرا ڈھنگ الگ

لگے ہے سارے مناظر میں تیرا رنگ الگ

رواں تھا گرم لہو آہنی پرندوں میں

چھڑی تھی امن پسندوں میں سرد جنگ الگ

نئی دشاؤں سے مسموم آندھیاں اٹھیں

تو آسماں بھی بدلنے لگا تھا رنگ الگ

نشاط فن تو بہر حال اپنی قسمت ہے

ہزار اپنے مسائل ہیں ان سے جنگ الگ

سیاہ ابر ہوں سورج سے چھین لوں گا ضیا

کروں گا قوس قزح کے میں رنگ رنگ الگ

جدا ہیں تند ہواؤں کے آتشیں نغمے

تو پانیوں کے ترانے ہیں زیر سنگ الگ

میں اپنی شام کو صبح حساب کہتا ہوں

مگر وہ شام جو گزری ہے تیرے سنگ الگ

غزل کے در پہ بڑا اژدہام ہے لیکن

نظامؔ نام ہے جس کا وہ اک ملنگ الگ

تصور کار فرما تھا کہ لذت تھی کہانی کی (غزل)

تصور کار فرما تھا کہ لذت تھی کہانی کی

اسی تصویر نے آنکھوں پہ جیسے حکمرانی کی

مری پرواز کا منظر ابھی تیروں سے چھلنی ہے

لہو میں تر بہ تر ہے داستاں نقل مکانی کی

لبوں پر برف جم جائے تو استفسار کیا معنی

کہ شور و غل فقط تمہید ہے شعلہ بیانی کی

قدم رکھتے ہی جیسے کھل گیا دلدل میں دروازہ

عجب کاری گری دیکھی یہاں مٹی میں پانی کی

دکھائی راہ ساحل کی انہیں پر پیچ موجوں نے

اسی طوفان نے کشتی کے حق میں بادبانی کی

بہت زرخیز مٹی ہے نظامؔ اپنے بدن میں بھی

ہوس نے پھول مہکائے لہو نے باغبانی کی

پانی سے پانی سے ملے (نظم)

پانی سے پانی سے ملے

یہ بات کوئی نئی نہیں ہے

میں روز اول سے جانتا ہوں

جو چپ رہے گی زبان خنجر

لہو پکارے گا آستیں کا

یہ مانتا ہوں

مگر میں قاتل کا ہم نوا ہوں

مجھے عدالت سے بغض بھی ہے

یہی ہے کوشش

تمام قوت تمام فہم و شعور اپنا

میں صرف کر دوں

اسے بچا لوں

کہ میرے اندر بھی ایک قاتل

بہت دنوں سے چھپا ہوا ہے

مزید غزلیں از Nizamuddin Nizam ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں