پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Niyaz Sultanpuri کی غزلیں — Niyaz Sultanpuri Ghazals

Niyaz Sultanpuri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بھائی بدل گیا کبھی بیٹا بدل گیا (غزل)

بھائی بدل گیا کبھی بیٹا بدل گیا

آیا جو وقت خون کا رشتہ بدل گیا

ہر ظلم ناروا کا مخالف رہا تھا جو

منصب ملا تو اس کا بھی لہجہ بدل گیا

وہ سیدھے سادے لوگ وہ چوپال اب کہاں

ایک ایک کرکے گاؤں کا نقشہ بدل گیا

پتھر وہی گلی بھی وہی لوگ بھی وہی

لیکن ستم شعار کا پیشہ بدل گیا

دریا دلی پہ اپنی بہت ناز تھا اسے

دیکھی ہماری پیاس تو رستہ بدل گیا

کیسے ہمارے گاؤں کا ہوتا کوئی وکاس

کرسی بدل گئی کبھی نیتا بدل گیا

اب انقلاب دہر کی باتیں کہاں نیازؔ

جس فکر و فن پہ ناز تھا کب کا بدل گیا

نظر سے ہو کے وہ دل میں اترنا چاہتا ہے (غزل)

نظر سے ہو کے وہ دل میں اترنا چاہتا ہے

پھر اس کے بعد لہو میں بکھرنا چاہتا ہے

خبر کرو یہ سیہ رات کے اسیروں کو

سحر قریب ہے سورج ابھرنا چاہتا ہے

جو روشنی و محبت کا استعارہ ہے

اسی پرند کے وہ پر کترنا چاہتا ہے

نگار خانے سے کہئے ذرا سنبھل کے رہے

وہ آئنے کے مقابل سنورنا چاہتا ہے

زمیں سے کٹ کے خلا میں رہا جو محو سفر

وہی ستارہ زمیں پر اترنا چاہتا ہے

خبر ملی ہے مجھے ساکنان صحرا سے

وہ آہو چشم ادھر سے گزرنا چاہتا ہے

خبر بھی ہے کہ تمہارا نیازؔ شعلہ نوا

حدود جسم سے باہر بکھرنا چاہتا ہے

مزید غزلیں از Niyaz Sultanpuri ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں