پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نیاز حسین لکھویرا کی غزلیں — Niyaz Husain Lakhwera Ghazals

نیاز حسین لکھویرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ ایک شخص کہ جو آفتاب جیسا ہے (غزل)

وہ ایک شخص کہ جو آفتاب جیسا ہے

قریب آئے تو تازہ گلاب جیسا ہے

خدا کرے کہ کبھی بھی نہ ٹوٹنے پائے

یہ تیرا میرا ملن ایک خواب جیسا ہے

ذرا بھی تیز ہوا ہو تو کانپ اٹھتا ہے

وہ خوش جمال تو شاخ گلاب جیسا ہے

کچھ ایسے لگتا ہے جیسے گزر گئیں صدیاں

تری جدائی کا موسم عذاب جیسا ہے

سمے کے تیز بگولوں کی زد میں ٹھہرا ہوں

مرے وجود کا دریا حباب جیسا ہے

تری جبیں پہ عبارت ہے دین عشق نیازؔ

ترا وجود مقدس کتاب جیسا ہے

کوئی آسیب ہے سایہ ہے کہ جادوگر ہے (غزل)

کوئی آسیب ہے سایہ ہے کہ جادوگر ہے

جانے کیا بات ہے ہر شخص کے دل میں ڈر ہے

ایک ہی ریلے میں بہہ جائے گی خستہ بنیاد

سیل بے مہر کے شانوں پہ ہمارا گھر ہے

تیرے دل میں بھی محبت کی حرارت نہ رہی

میرا سرمایۂ احساس بھی مٹھی بھر ہے

سانحہ ہے کہ ہمیں لوٹا گیا ہے پھر بھی

شہر لٹ جانے کا الزام ہمارے سر ہے

جسم اجڑی ہوئی بستی کا کھنڈر لگتا ہے

روح ویران جزیروں کی طرح بنجر ہے

مجھے دھڑکا ہے تو بس ٹوٹ کے گر جانے کا

سوچ کا کوہ گراں بار مرے سر پر ہے

جسم اندر سے ہر اک لمحہ چٹختا ہے نیازؔ

یوں تو قبروں کی سی خاموشی مرے باہر ہے

مزید غزلیں از نیاز حسین لکھویرا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں