پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نیاز حیدر کی غزلیں — Niyaz Haidar Ghazals

نیاز حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دھوپ ایسی تیز دھوپ گرم ہے فضا بہت (غزل)

دھوپ ایسی تیز دھوپ گرم ہے فضا بہت

ملیں گے چھاؤں ڈھونڈتے برہنہ پا خدا بہت

یہ راہ بے کنار بے پناہ خضر کی فغاں

بہت ملی تھی زندگی مگر ملی ذرا بہت

خزاں نصیب دور میں بہار کی تسلیاں

مگر وہ دل جسے ہے خار و خس کا آسرا بہت

انہیں خبر کرو کہ شام ہجر آ رہی ہے پھر

جنہیں وفائے عہد پر غرور و ناز تھا بہت

فریب آرزو پہ اور اعتبار کے لیے

اٹھاؤ جام وقت کم ہے وقت ہو چکا بہت

وہ نگاہ چشم طلسم گر مجھے دیکھتے ہی لجا گئی (غزل)

وہ نگاہ چشم طلسم گر مجھے دیکھتے ہی لجا گئی

وہ ادا جو سحر تمام سے بھی سوا کرشمہ دکھا گئی

یہی جام پرتو رخ ترا یہی تیری زلف کو آئنہ

مہ و ابرو مئے کی حسیں فضا اسے روکنا یہ فضا گئی

وہ مثال برق نمود و گم شدگی تبسم بے اماں

شفق آفریں سی وہ موج لب دل و جاں میں آگ لگا گئی

وہ سیاہ رنگ شمیم شام وصال کی جو نوید ہے

اس الم گزیدہ فراق میں وہی زلف یاد پھر آ گئی

شہہ دلبراں تجھے کیا خبر دل رند خاک نشیں ہے کیا

اسی خاک نے اسے دل کیا یہی خاک اس کو مٹا گئی

وہ ستم شعار سہی مگر ہے وہی قرار دل و نظر

وہ رہے تو رسم وفا رہے نہ رہے تو رسم وفا گئی

میں ہوں جس کا شاعر (نظم)

میں ہوں جس کا شاعر

وہ انسان کہاں ہے

ساری دنیا جسے مانتی رہی ہے

وہ بھگوان کہاں ہے

حسین چہرے

پھول اور کلیاں

جھومتی شاخیں

درخت آشیاں

ہریالی

نہریں دریا ساگر

اونچے اونچے کہساروں کی بلندیاں

ناچنے والے

ہزار ہا رنگین پرندے

شام و سحر کو پھولنے والی شفق

برکھا رت کی ست رنگی دھنک

سورج چاند ستارے

راتوں کو جھلملاتی کہکشاں

جن کے دیکھے سے

بہل جائیں دل

سکھ پائیں پران

اب وہ دل وہ سکھ ان پرانوں کا

نام و نشاں کہاں ہے

بے حساب صدیوں کی آنکھیں

ایک پل میں

ان گنت بار جھپکتی پلکیں

نظر نہ آنے والی نظریں

چھاتی سے بچوں کو لپٹائے ہوئے ماتائیں

کھنک دار چوڑیوں بھری کلائیاں

جن پر دودھ پلاتی ماتاؤں کی

جھکی ہوئی شرمیلی آنکھیں

آنچلوں میں چھپے ہوئے ننھے ننھے بالک

چوری چوری ماتاؤں کا چہرہ تاکیں

جوانیوں کے نینوں سے پریت کے چلتے بان

آج اس پیار بھرے

جوان جیوں کا ارمان کہاں ہے

آج وہ اپنی دھرتی اپنے جیون کی بربادی کی

تیاری میں

ویست ہے مصروف ہے گم ہے

بچوں کے کومل بدن کے ٹکڑے

ہتھیاروں کے ودھان کی جھاڑیوں جنگلوں میں

لا وارث لاشیں

جن کو

مردار خور پیٹ بھرے جانور

کھائے بنا ہی گزر جائیں

پھر کھائیں کیونکر

کوئی بتائے

کتنی عبادت گاہیں

مندر

مسجد

گرجا گھر اور گردوارے

کتنی جلدی ڈھائے جا سکتے ہیں

یا ان سب کو ہلاکتوں کے ساز اور اسلحوں کا

گودام بنا دینا بہتر ہے

بے گناہوں کا لہو زمین میں جذب نہیں ہو سکتا

شاید کبھی نہیں

کب یہ زمیں دوبارہ شعلہ زار بنے گی

کیا کوئی نہیں ہے

کوئی نہیں؟

جو اپنی زمین کو زندگی کی جنت بنا سکے

اک انسانی طاقت

ہمت اک عزم کے ساتھ

دیس دیس ملکوں ملکوں

میں انسان کو للکاروں گا

لیکن میں ہوں جس کا شاعر

ساری دنیا جسے مانتی رہی ہے وہ بھگوان کہاں ہے؟

مزید غزلیں از نیاز حیدر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں