پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Niyaz Gulbargavi کی غزلیں — Niyaz Gulbargavi Ghazals

Niyaz Gulbargavi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آنکھ نم ہے نہ دل فگار اپنا (غزل)

آنکھ نم ہے نہ دل فگار اپنا

اٹھ گیا خود سے اعتبار اپنا

ذکر ہوتا ہے بار بار اپنا

ٹوٹتا ہی نہیں خمار اپنا

دیکھنا چاہتے ہو یار اپنا

توڑیئے پہلے یہ حصار اپنا

یاد کرتے رہے تجھے جب تک

وقت گزرا ہے خوش گوار اپنا

دے دیا ہم نے اپنے ہاتھوں سے

غیر کے بس میں اختیار اپنا

ہر تنک تاب پر مچل جائے

اتنا ارزاں نہیں ہے پیار اپنا

بے خبر ہو گیا وہی ہم سے

جس کو رہتا تھا انتظار اپنا

ہے یہی آرزو مرے مالک

حشر میں تو مجھے پکار اپنا

ہو گئے تم سے جدا یاد آیا (غزل)

ہو گئے تم سے جدا یاد آیا

جو نہ ہونا تھا ہوا یاد آیا

دل بھر آیا ہے ہمارا کیا کیا

جب بھی وہ عہد وفا یاد آیا

میں تجھے یاد نہ آیا لیکن

تو مجھے صبح و مسا یاد آیا

تجھ کو جتنا بھی بھلانا چاہا

تو مجھے اس سے سوا یاد آیا

عیب اوروں میں نظر آئے بہت

کب کسے اپنا کیا یاد آیا

اس بیاباں میں جو کل رہتا تھا

آج وہ آبلہ پا یاد آیا

زندگی اپنی نیازؔ خستہ

ایسی گزری کہ خدا یاد آیا

دیکھنے میں گلاب تھا وہ شخص (نظم)

دیکھنے میں گلاب تھا وہ شخص

روکش آفتاب تھا وہ شخص

خود نگر خود نما خدا جیسا

طنطنہ تھا عتاب تھا وہ شخص

دل میں کچھ تھا زبان پر کچھ تھا

پھر بھی کیا کامیاب تھا وہ شخص

بے طلب تھی کبھی عطا اس کی

بے سبب کا عتاب تھا وہ شخص

گاہ سنجیدہ گاہ خندیدہ

ایک معمہ جناب تھا وہ شخص

آپ اپنی مثال تھا گویا

آپ اپنا جواب تھا وہ شخص

چال مستانہ آنکھ مے خانہ

میکدے کا شباب تھا وہ شخص

فتنہ گر تھا مگر بہ فیض زباں

نعرۂ انقلاب تھا وہ شخص

روغن قاز تھا بہت ارزاں

بخشش بے حساب تھا وہ شخص

مشتعل جیسے آتش سوزاں

اور کبھی جوئے آب تھا وہ شخص

اس میں سیماب جیسے پنہاں تھا

مستقل اضطراب تھا وہ شخص

پھر ہوا یوں کہ جزر و مد کے سبب

نذر طوفان آب تھا وہ شخص

بجلیوں کا شباب تھا وہ شخص

اس کو دیکھو تو دیکھتے رہ جاؤ

خوبرو بے حساب تھا وہ شخص

دیدنی تھی شگفتگی اس کی

اک مہکتا گلاب تھا وہ شخص

نغمۂ جاں تھی ہر صدا اس کی

جیسے تار رباب تھا وہ شخص

منبع نور تھے لب و رخسار

چاند سورج کا باب تھا وہ شخص

آئنہ تھا وہ ذات کا اپنی

میرے پیمانۂ محبت میں

زندگی کی شراب تھا وہ شخص

نیچی نظریں جھکی ہوئی پلکیں

اک سراپا حجاب تھا وہ شخص

لفظ ملتے نہیں سراپا کو

کس قدر لا جواب تھا وہ شخص

اک زمانے کے بعد کل دیکھا

پھر بھی کھلتا گلاب تھا وہ شخص

مزید غزلیں از Niyaz Gulbargavi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں