نیاز فتح پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب قفس میں مجھ کو یاد آشیاں آ جائے ہے (غزل)
جب قفس میں مجھ کو یاد آشیاں آ جائے ہے
سامنے آنکھوں کے اک بجلی سی لہرا جائے ہے
دل مرا وہ خانۂ ویراں ہے جل بجھنے پہ بھی
راکھ سے جس کی دھواں تا دیر اٹھتا جائے ہے
تم تو ٹھکرا کر گزر جاؤ تمہیں ٹوکے گا کون
میں پڑا ہوں راہ میں تو کیا تمہارا جائے ہے
چشم تر ہے اس طرف اور اس طرف ابر بہار
دیکھنا ہے آج کس سے کتنا رویا جائے ہے
میں تو بس یہ جانتا ہوں اس کو ہونا ہے خراب
کیا خبر اس کی مجھے دل آئے ہے یا جائے ہے
میرا پندار خدائی اس گھڑی دیکھے کوئی
جب مجھے بندہ ترا کہہ کر پکارا جائے ہے
اب وہ کیا آئیں گے تم بھی آنکھ جھپکا لو نیازؔ
صبح کا تارہ بھی اب تو جھلملاتا جائے ہے
تار کی جھنکار ہی سے بزم تھرا جائے ہے (غزل)
تار کی جھنکار ہی سے بزم تھرا جائے ہے
گاہے گاہے ساز ہستی یوں بھی چھیڑا جائے ہے
قافلہ چھوٹے زمانہ ہو گیا لیکن ہنوز
یاد آواز جرس رہ رہ کے تڑپا جائے ہے
خود زمانہ رخ ہمارا دیکھتا ہے ہم نہیں
جس طرف مڑتے ہیں ہم دھارا بھی مڑتا جائے ہے
سر جو گردن پر نہیں تو کیا ہتھیلی پر سہی
منزل عشق و جنوں سے یوں ہی گزرا جائے ہے
ہم کہاں ڈوبے تھے یہ کل پوچھیے گا آج تو
کچھ تلاطم سا ابھی موجوں میں پایا جائے ہے
عقل والو کچھ کہو یہ رشتۂ راز حیات
کیوں الجھتا جائے ہے جتنا کہ کھلتا جائے ہے
آ رہا ہوں دوستو ٹھہرو مگر یہ تو بتاؤ
مجھ کو کس گوشہ سے صحرا کے پکارا جائے ہے