پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Niyaz Ali Niyaz Qaisri کی غزلیں — Niyaz Ali Niyaz Qaisri Ghazals

Niyaz Ali Niyaz Qaisri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ابھی ابھی تھی لبوں پر ہنسی ابھی نہ رہی (غزل)

ابھی ابھی تھی لبوں پر ہنسی ابھی نہ رہی

بنی تھی بات مقدر سے جو بنی نہ رہی

بہار آئی گلستاں میں دل کشی نہ رہی

نکھار پھولوں میں کلیوں میں تازگی نہ رہی

کدورتوں کو مٹاؤ خلوص دل سے ملو

بھروسہ زیست کا کیا ہے رہی رہی نہ رہی

امید و یاس کے گھر میں رہا قیام اپنا

چلے سفر پہ تو امید واپسی نہ رہی

اٹھا کے آئینہ دیکھو ذرا جمال اپنا

تمہارے حسن میں پہلی سی دل کشی نہ رہی

نظر ملائی جو ان سے تو اے نیازؔ لگا

مزاج یار میں پہلی سی برہمی نہ رہی

رونق بزم تھا کیا ہوا (غزل)

رونق بزم تھا کیا ہوا

اک دیا ٹمٹماتا ہوا

اب کرے کیا تماشہ کوئی

آدمی خود تماشہ ہوا

کشتیاں ڈوب کر رہ گئیں

پار دریا کے تنکا ہوا

دیکھیے گلستاں کی طرف

ہے ہر اک پھول مسلا ہوا

وہ نمک ڈال کر چل دئے

زخم دل اور گہرا ہوا

بن گیا زینت گلستاں

خوں ہمارا نچوڑا ہوا

بے بسی دیکھ کر اے نیازؔ

رک گیا کوئی آتا ہوا

مزید غزلیں از Niyaz Ali Niyaz Qaisri ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں