پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نویش ساہو کی غزلیں — Nivesh Sahu Ghazals

نویش ساہو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو کرتے تھے الٹا سیدھا کرتے تھے (غزل)

جو کرتے تھے الٹا سیدھا کرتے تھے

ہم پتھر پہ دریا پھینکا کرتے تھے

اس جنگل کے پیڑوں سے میں واقف ہوں

گر جاتے تھے جس پر سایہ کرتے تھے

میں بستی میں تتلی پکڑا کرتا تھا

باقی سارے لوگ تو جھگڑا کرتے تھے

کچھ بچے سیلابوں میں بہہ جاتے ہیں

ہم پلکوں سے دریا روکا کرتے تھے

جاؤ کوئی تار وار نہیں گرتا

ہم ہی چھت سے جگنو پھینکا کرتے تھے

سب روحیں ذہنوں پر کپڑا رکھتی تھیں

ہم بس جسموں کا ہی پردہ کرتے تھے

روز مشاہد رہتے تھے ہم شام تلک

پھر سورج کا ماتھا چوما کرتے تھے

میں اس آگ میں جسم جلا کر آیا تھا

جس میں سارے آنکھیں سیکا کرتے تھے

مجھ میں پیوست ہو چکی ہو تم (غزل)

مجھ میں پیوست ہو چکی ہو تم

میرے اندر کی خامشی ہو تم

کیا فقط شوق رہ گیا ہوں میں

کس طرح بات کر رہی ہو تم

خاص یہ ہے کے میں نہیں بدلہ

اور دلچسپ کے وہی ہو تم

اتنا اندازۂ سفر ہے مجھے

آخری موڑ پہ کھڑی ہو تم

کس قدر چیخنے لگا ہوں میں

کتنی خاموش ہو گئی ہو تم

خواب میں کیا دکھائی پڑتا ہے

کس کے کاندھے پہ سو رہی ہو تم

ایک دھکا سا لگ گیا ہے مجھے

سن لیا ہے کے رو رہی ہو تم

رات کا وقت ہے (نظم)

رات کا وقت ہے

کوئی آہٹ نہ کر

بات جو بھی ہو من میں وہ من میں ہی رکھ

بول دینے سے تکلیف گھٹتی نہیں

بلکہ بٹ جاتی ہے اور

بڑھ جاتی ہے

رات کے وقت تو چپ ہی رہنا مناسب ہے کہنا نہیں

ایک بھی بات مجھ پر جو بھاری پڑے

کوئی بھی بات جو مجھ کو سونے نہ دے

اور سن بات سن

میرے سن لینے سے یہ پریشانیاں حل نہ ہوں گی کبھی

میں تیرا ایک معمولی عاشق ہی ہوں چارہ گر بھی نہیں

کوئی ایسی پریشانی ہو جس کا حل

میرے سینہ سے لگتے ہی مل جائے گا تو ہی زحمت اٹھا

مجھ کو بس وہ بتا جس میں جسموں کی تاثیر کام آ سکے

اس برہنہ بدن پر بدن کی ہی تدبیر کام آ سکے

اور یہ ممکن نہ ہو تو وہی بات ہے

مزید غزلیں از نویش ساہو ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں