نتیش کشواہا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چھل کپٹ کی زندگی سے خودکشی اچھی بھلی (غزل)
چھل کپٹ کی زندگی سے خودکشی اچھی بھلی
پھر کوئی ٹھکرا رہا ہے زندگی اچھی بھلی
تم نے دشمن کے چراغوں کو دی کیوں گھر میں جگہ
اس پرائی روشنی سے تیرگی اچھی بھلی
اک ذرا سا غم سراپا توڑ دیتا ہے انہیں
جن کو یہ لگتا ہے دنیا دیکھ لی اچھی بھلی
ساتھ میں ہو لنچ تیرے ڈیسک اپنی ایک ہو
اس سے بڑھ کر کیا ملے گی سیلری اچھی بھلی
پاس تو بیٹھا ہے میرے پر تو مجھ سے دور ہے
تیرے یوں ہونے سے تھی تیری کمی اچھی بھلی
تو سب کچھ جاننے والا اکیلا (غزل)
تو سب کچھ جاننے والا اکیلا
بتا پھر کیوں ہوں میں اتنا اکیلا
تیری چاہت میں تیرے غم بھی چاہے
کبھی تجھ کو نہیں چاہا اکیلا
میں محفل میں ہنسانے والا سب کو
پس پردہ بہت رویا اکیلا
بدن ہوں میں اگر تو وہ بھی ہوگا
کبھی ہوتا نہیں سایا اکیلا
ہٹا دی یار کی تصویر میں نے
تڑپ کر رو پڑا کمرا اکیلا
وہ اپنے ساتھ مجھ کو لے گیا ہے
میں جس کو چھوڑ کر لوٹا اکیلا
تماشہ بن گئی ہے ساری دنیا
بچا میں دیکھنے والا اکیلا