نتن کبیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چاہوں جیسا میں وہ ویسا نہیں کرنے دیتے (غزل)
چاہوں جیسا میں وہ ویسا نہیں کرنے دیتے
کام دل کو مرے دل سا نہیں کرنے دیتے
تیرے چھونے کا ہو احساس کہ ہم کو جس سے
ہم ہواؤں کو یہ جھانسہ نہیں کرنے دیتے
لوگ آتے تو ہیں ملنے پہ کسی پر اب ہم
اپنے اس دل کو بھروسہ نہیں کرنے دیتے
میں تمہیں رات کی سچائی بتا سکتا ہوں
چاند تارے پہ خلاصہ نہیں کرنے دیتے
بس اجازت ہے مجھے دیکھنے بھر کی سب کو
حال اپنا ترے جیسا نہیں کرنے دیتے
اشک چاہیں بھی اگر غم مرا ہلکا کرنا
خواب آنکھوں کو دلاسہ نہیں کرنے دیتے
اس کی خواہش تھی کہ در چھوڑ دوں در چھوڑ دیا (غزل)
اس کی خواہش تھی کہ در چھوڑ دوں در چھوڑ دیا
لوٹ آیا میں بھی واپس وہ نگر چھوڑ دیا
پھر اثر کر نہ سکی ان پہ تو کوئی بھی دوا
تیری ان آنکھوں نے جن جن پہ اثر چھوڑ دیا
کل اٹھا لایا تھا میں خود کو اداس آنگن سے
میں نے آنسو کی رفاقت پہ گزر چھوڑ دیا
کوئی رستا تو یہاں سے کہیں جاتا ہی نہیں
میرے رہبر یہ تو نے مجھ کو کدھر چھوڑ دیا
خامشی بول اٹھی دیکھ کے تنہا مجھ کو
تو نے کیا دل میں اترنے کا ہنر چھوڑ دیا