پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نرمل ندیم کی غزلیں — Nirmal Nadeem Ghazals

نرمل ندیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق کو خون جگر کی ہے طلب کہتے ہیں (غزل)

عشق کو خون جگر کی ہے طلب کہتے ہیں

زخم کھانے کو وفاؤں کا ادب کہتے ہیں

حسن کی دھوپ میں نکھرا ہوا پھولوں سا بدن

دل کے لٹ جانے کا اس کو ہی سبب کہتے ہیں

خاک ملتا ہے فلک آ کے مرے قدموں کی

خاکساری کو بلندی کا لقب کہتے ہیں

وہ بھی لہرا کے ہر اک درد سنا کرتی ہے

قید کا واقعہ زنجیر سے جب کہتے ہیں

تم یہ مانو کہ نہ مانو ہے تمہاری مرضی

عشق کو دان سہی جینے کو ڈھب کہتے ہیں

دل میں طوفاں جو چھپائے ہو چھپائے رکھو

سارا افسانہ لرزتے ہوئے لب کہتے ہیں

تم دوانے ہو یہ سچ ہے اسے تسلیم کرو

ہم نہیں کہتے فقط شہر میں سب کہتے ہیں

ان کو دیکھوں تو انہیں میری نظر لگ جائے

ایسا ہوتا ہے کہیں آپ غضب کہتے ہیں

دل جو روتا ہے اسے گاتے ہوئے نکلے ندیمؔ

لوگ اس درد محبت کو ادب کہتے ہیں

کیا ہوا کیوں ہوا کس لئے کیا خبر جو ہوا سو ہوا تو اسے بھول جا (غزل)

کیا ہوا کیوں ہوا کس لئے کیا خبر جو ہوا سو ہوا تو اسے بھول جا

جاگ کر رات بھر ہو گئی ہے سحر اب نہ خود کو جلا تو اسے بھول جا

کون آیا یہاں چل پڑیں آندھیاں کون ویران کر کے گیا گلستاں

کس نے رکھ دیں لب گل پہ چنگاریاں یہ کسے ہے پتہ تو اسے بھول جا

رات کی بات تھی پھر سحر ہو گئی وقت چلتا رہا دوپہر ہو گئی

شام آنے کو ہے رات چھانے کو ہے بکھرے سپنے اٹھا تو اسے بھول جا

ہم نوا ہم سفر معتبر راہبر پھر ملیں گے تجھے تو شروع کر سفر

کھو گیا جو گہر آئے گا لوٹ کر اپنی ہستی بنا تو اسے بھول جا

سوچنا ہے ترا وہ نہ تم کو ملا سچ تو یہ ہے مگر تو نہ اس کو ملا

اس کی قسمت میں شاید تھی تشنہ لبی ہو گیا جو خفا تو اسے بھول جا

یہ ترا خواب ہے کتنا نایاب ہے تیرے رخ پر اسی کی چڑھی تاب ہے

ایک خورشید ہے ایک مہتاب ہے مان میرا کہا تو اسے بھول جا

دل میں جو درد ہے راہ کی گرد ہے جھاڑ دے جو اسے وہ بڑا مرد ہے

دیکھ لے زندگی گرم ہے سرد ہے چھوڑ شکوہ گلہ تو اسے بھول جا

گھر سے باہر نکل کروٹیں مت بدل چل مرے ساتھ چل آنسوؤں میں نہ ڈھل

دیکھ لے شاخ پر ایک بھیگا کنول مسکرانے لگا تو اسے بھول جا

مزید غزلیں از نرمل ندیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں