پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نرمل سنگھ رائے پوری کی غزلیں — Nirmal Singh Raipuri Ghazals

نرمل سنگھ رائے پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سرکشی کا بھیس بھرنے والی ہے (غزل)

سرکشی کا بھیس بھرنے والی ہے

التجا تیور بدلنے والی ہے

گونج اس کی آسماں تک جائے گی

بے زبانی چیخ بننے والی ہے

رہ گئی پیچھے بہت ہم سے امید

بے دلی حد سے گزرنے والی ہے

اب بکھرنے کو ہے کہرے کا نظام

یہ گھٹن طوفان بننے والی ہے

زندگی نکلے گی ہو کر سرخ رو

آگ دوزخ کی بھڑکنے والی ہے

اس کا پس منظر ہیں یہ تاریکیاں

اب زمیں کروٹ بدلنے والی ہے

ایک یہ منظر بھی ہوگا دیدنی

ناؤ پاپوں سے جو بھرنے والی ہے

نت نئے رنج نئے غم سے ملاتا ہے مجھے (غزل)

نت نئے رنج نئے غم سے ملاتا ہے مجھے

جب بھی خورشید نکلتا ہے جلاتا ہے مجھے

یاد کرتا ہے کبھی اب نہ بلاتا ہے مجھے

جانے کس جرم کا احساس دلاتا ہے مجھے

بے گناہی مری اتہاس لکھے پھر شاید

دیکھیے اب کے سزا کیا وہ سناتا ہے مجھے

الغرض لطف کوئی مجھ کو میسر ہی نہیں

نہ ہنساتا ہے نہ جی بھر کے رلاتا ہے مجھے

میری تنہائی کرے پہروں خوشامد اس کی

تو کوئی گیت خلاؤں سے سناتا ہے مجھے

میری اک شب میں جو پل چھن کے لیے چمکا تھا

وہ شرر سا تھا کوئی یاد تو آتا ہے مجھے

ایک ہی بار سبھی میری سزائیں لکھ دے

بے سبب کیوں یہ تو قسطوں میں ستاتا ہے مجھے

مزید غزلیں از نرمل سنگھ رائے پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں