پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نیلوفر نور کی غزلیں — Nilofar Noor Ghazals

نیلوفر نور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبتوں میں حساب ہوگا یہ طے کہاں تھا (غزل)

محبتوں میں حساب ہوگا یہ طے کہاں تھا

ہر ایک لمحہ عذاب ہوگا یہ طے کہاں تھا

یہ طے ہوا تھا وفا کی شمع جلا کرے گی

اندھیرا ہم پہ عتاب ہوگا یہ طے کہاں تھا

خزاں نہ آئے گی زندگی میں کبھی ہماری

اداس بیلا گلاب ہوگا یہ طے کہاں تھا

ہماری نظریں سوال بن کر اٹھا کریں گی

سکوت لب پر جواب ہوگا یہ طے کہاں تھا

یقیں دلایا تھا ساتھ مل کر رہا کرو گے

کہ بیچ اپنے چناب ہوگا یہ طے کہاں تھا

عذاب ہوں گی پلک جھپکنے تلک کی دوری

وصال اپنا بھی خواب ہوگا یہ طے کہاں تھا

یہ پھول بن کر مہک اٹھیں گے خیال میرے

مزاج اتنا خراب ہوگا یہ طے کہاں تھا

مجھے پکاریں گے تو کہیں گے خوشی ملے گی

کہ نام اپنا جناب ہوگا یہ طے کہاں تھا

اسے کہنا کہ جب جب آہٹوں پہ دل دھڑکتا ہے (غزل)

اسے کہنا کہ جب جب آہٹوں پہ دل دھڑکتا ہے

اسے کہنا جہاں سارا اسی کو پیار کہتا ہے

اسے کہنا زمانے سے بغاوت کر نہیں سکتی

اسے کہنا مگر ترک وفا سے ڈر بھی لگتا ہے

اسے کہنا دعاؤں میں خدا سے تم کو مانگا ہے

اسے کہنا خدا دل کی دعائیں خوب سنتا ہے

اسے کہنا کہ صدیاں ہو گئیں بچھڑے ہوئے تم سے

اسے کہنا لہو آنکھوں سے میری اب بھی بہتا ہے

اسے کہنا مقدر کا لکھا اب ٹل نہیں سکتا

اسے کہنا بھلا قسمت سے کوئی اپنی لڑتا ہے

اسے کہنا جسے تم پیار سے کہتے تھے نیلوفرؔ

اسے کہنا تمہیں یہ نام کیا اب یاد رہتا ہے

مزید غزلیں از نیلوفر نور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں