Nilofar Afzal کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مچا ہوا ہے خداؤں کی ان کہی کا شور (غزل)
مچا ہوا ہے خداؤں کی ان کہی کا شور
مگر وہ گونج کہ کھا جائے گی سبھی کا شور
تمام رات مہکتا تھا اس کی ٹیبل پر
گلاب تازہ کی خوشبو میں فروری کا شور
شجر کی تاب سماعت پہ داد بنتی ہے
یہ سنتا آیا ہے صدیوں سے آدمی کا شور
اے ناخداؤ سمندر کو مت سنا دینا
ہماری ناؤ میں اسباب کی کمی کا شور
بڑے سلیقے سے آ کر قضا نے چاٹ لیا
زمیں کے صحن میں برپا تھا زندگی کا شور
بس ایک بار زمانے کے در پہ دستک دی
اب ایسے کون مچائے گھڑی گھڑی کا شور
اے مرے دوست مرے دشمن جاں خیر تو ہے (غزل)
اے مرے دوست مرے دشمن جاں خیر تو ہے
تو مرے پاس مرے ساتھ یہاں خیر تو ہے
خط دیا تھا انہیں پتھر نہیں آیا اب تک
دل کو تشویش ہوئی ہے کہ وہاں خیر تو ہے
بات قصداً انہیں آدھی سی سنائی میں نے
اب وہ پوچھیں گے کہ کب کون کہاں خیر تو ہے
بچ کے اک اور دھماکے سے کیا فون انہیں
یاں پہ سب خیر ہے سب خیر وہاں خیر تو ہے
خیر ہی خیر لگے مجھ کو بظاہر تو مگر
پوچھ لیتی ہوں مروت میں کہ ہاں خیر تو ہے