نیلیندر رانا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حوصلے جب جوان ہوتے ہیں (غزل)
حوصلے جب جوان ہوتے ہیں
زیر پا آسمان ہوتے ہیں
یہ بزرگوں کی شان ہوتے ہیں
گھر میں جو پاندان ہوتے ہیں
وقت کے ساتھ جو بھی چلتے ہیں
بس وہی کامران ہوتے ہیں
تم کو تصدیق غم کی کرنی ہے
اشک تو بے زبان ہوتے ہیں
بس ریاکاری اس میں رہتی ہے
یہ جو اونچے مکان ہوتے ہیں
پر سکوں ہم گھروں میں سوتے ہیں
سرحدوں پر جوان ہوتے ہیں
اپنے لئے نہیں نہ زمانے کے واسطے (غزل)
اپنے لئے نہیں نہ زمانے کے واسطے
سب کام کر رہے ہیں دکھانے کے واسطے
جتنے انا پرست ہیں محفل میں ان سے ہم
ہرگز اٹھے نہ ہاتھ ملانے کے واسطے
ہم سے تماش گاہ جہاں کا نہ حال پوچھ
رونا پڑا ہے سب کو ہنسانے کے واسطے
کندھے پہ لے چلے ہیں اقارب اٹھا کے لاش
عجلت میں زیر خاک دبانے کے واسطے
آنگن میں فرش ڈھال کے مٹی کو لائے ہیں
شہرت پسند پیڑ لگانے کے واسطے
ہر گام پوچھتا ہے وہ اب میرا حال چال
سازش لگے ہے مجھ کو مٹانے کے واسطے
قیمت بتا رہا تھا ہر اک چیز کی مجھے
لایا تو تھا وہ گھر کو دکھانے کے واسطے
بھوکا تھا اک فقیر مرے در پہ اور مرے
گھر میں نہیں تھا کچھ بھی کھلانے کے واسطے
راناؔ کے ساتھ کہنے لگا ہے ہر ایک شخص
سازش ہوئی ہے بستی جلانے کے واسطے