پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nikhat Barelvi کی غزلیں — Nikhat Barelvi Ghazals

Nikhat Barelvi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غبار راہ کے مانند رہ گزار میں ہیں (غزل)

غبار راہ کے مانند رہ گزار میں ہیں

ہمارا کیا ہے بھلا ہم بھی کس شمار میں ہیں

اگر وہ غیر کے ہاتھوں میں کھیلتے ہیں تو کیا

ہم اپنے آپ بھی کب اپنے اختیار میں ہیں

ہمارا عالم حسرت بھی ہے عجیب کہ ہم

گزر گئے ہیں جو دن ان کے انتظار میں ہیں

زمانہ اپنی حدوں سے نکل کے پھیل گیا

اور ایک ہم کہ ابھی اپنے ہی حصار میں ہیں

یہ اپنا شہر اندھیروں کا شہر ہے شاید

بڑے عذاب یہاں روشنی سے پیار میں ہیں

وہ جان بزم گیا رونقیں تمام ہوئیں

یہ لوگ کس لیے بیٹھے ہیں کس خمار میں ہیں

عجب فضائیں ہیں نکہتؔ کھلا نہ کچھ ہم پر

یہ اپنا گھر ہے کہ میدان کارزار میں ہیں

اب اس کی یاد ستانے کو بار بار آئے (غزل)

اب اس کی یاد ستانے کو بار بار آئے

وہ زندگی جو ترے شہر میں گزار آئے

یہ بے بسی بھی نہیں لطف اختیار سے کم

خدا کرے نہ کبھی دل پہ اختیار آئے

قدم قدم پہ گلستاں کھلے تھے رستے میں

عجیب لوگ ہیں ہم بھی کہ سوئے دار آئے

نہ چہچہے نہ سرود شگفتگی نہ مہک

کسے اب ایسی بہاروں پہ اعتبار آئے

جنوں کو اب کے گریباں سے کیا ملے گا کہ ہم

بفیض موسم گل پیرہن اتار آئے

تری لگن نے زمانے کی خاک چھنوائی

تری طلب میں تمام آرزوئیں ہار آئے

یہ فخر کم تو نہیں کوئے یار میں نکہتؔ

نہ شرمسار گئے تھے نہ شرمسار آئے

مزید غزلیں از Nikhat Barelvi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں