پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nikhat Iftikhar کی غزلیں — Nikhat Iftikhar Ghazals

Nikhat Iftikhar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شوق کو عازم سفر رکھیے (غزل)

شوق کو عازم سفر رکھیے

بے خبر بن کے سب خبر رکھیے

چاہے نظریں ہو آسمانوں پر

پاؤں لیکن زمین پر رکھیے

بات ہے کیا یہ کون پرکھے گا

آپ لہجے کو پر اثر رکھیے

جانے کس وقت کوچ کرنا ہو

اپنا سامان مختصر رکھیے

ایک ٹک مجھ کو دیکھے جاتی ہیں

اپنی نظروں پہ کچھ نظر رکھیے

میری چاہت کی بہت لمبی سزا دو مجھ کو (غزل)

میری چاہت کی بہت لمبی سزا دو مجھ کو

کرب تنہائی میں جینے کی دعا دو مجھ کو

فن تمہارا تو کسی اور سے منسوب ہوا

کوئی میری ہی غزل آ کے سنا دو مجھ کو

حال بے حال ہے تاریک ہے مستقبل بھی

بن پڑے تم سے تو ماضی مرا لا دو مجھ کو

آخری شمع ہوں میں بزم وفا کی لوگو

چاہے جلنے دو مجھے چاہے بجھا دو مجھ کو

خود کو رکھ کے میں کہیں بھول گئی ہوں شاید

تم مری ذات سے ایک بار ملا دو مجھ کو

عشق ٹھوکر بھی ہے پناہ بھی ہے (نظم)

عشق ٹھوکر بھی ہے پناہ بھی ہے

عشق اندھا بھی ہے نگاہ بھی ہے

عشق ہے اک سرور غم آمیز

عشق سرشار ہے تباہ بھی ہے

عشق سب سے بڑی عبادت ہے

عشق سب سے حسیں گناہ بھی ہے

عشق ہے انکسار عجز و نیاز

عشق کے پاس عز و جاہ بھی ہے

عشق ہے ایک جذبۂ خاموش

عشق اعلان لاالہ بھی ہے

مزید غزلیں از Nikhat Iftikhar ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں