Nikhat Ara کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زلف ماضی کو پھر سیاہ کریں (غزل)
زلف ماضی کو پھر سیاہ کریں
عشق میں آؤ جاں تباہ کریں
چھوڑ کر یہ سکون کی باتیں
بے قراری کی اور چاہ کریں
ہر طرف ہے بجھی بجھی دنیا
جب ادھر یا ادھر نگاہ کریں
پھر ہوا یہ غموں نے گھیر لیا
جستجو تھی کبھی کہ آہ کریں
بے ارادہ ہی خود چلے آئیں
کاش ایسا کوئی گناہ کریں
سادگی ان پہ سج نہیں سکتی
ان سے کہہ دو کہ کج کلاہ کریں
وقت خوشبو بدل کے مہکے گا
وہ جو نکہتؔ مجھے گواہ کریں
اجنبی بن کے ہیں لوگ آئے ہوئے (غزل)
اجنبی بن کے ہیں لوگ آئے ہوئے
بزم میں دوست بھی سب پرائے ہوئے
بات سے بات بڑھتی گئی یاد کی
ہم اسی یاد کے ہیں ستائے ہوئے
بولتے ہیں زباں جو کسی اور کی
وہ کہاں ہیں ہمارے سکھائے ہوئے
اس نظر کی ادا ہے کہ اس نے مجھے
دیکھ کر بھی نظر ہیں جھکائے ہوئے
وہ پہیلی نہیں جو سلجھ نہ سکے
کوئی غم ہے اسے خود چھپائے ہوئے
باز آتا نہیں اپنی فطرت سے وہ
آج پھر ہے توجہ ہٹائے ہوئے
ہار کے راستوں سے گزر کے ملا
قافلہ جیت کا سر اٹھائے ہوئے
تو مرے شہر آ جا کبھی شام کو
ہم نظر راہ میں ہیں بچھائے ہوئے
جو چلا جا رہا اپنی دھن میں مگن
پھر بھی نکہتؔ اسے ہے منائے ہوئے