Nihal Taban کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کسی سے پیار نہیں صرف پیار جیسا ہے (غزل)
کسی سے پیار نہیں صرف پیار جیسا ہے
خزاں کے دور میں موسم بہار جیسا ہے
ضرور قافلہ کوئی یہاں سے گزرا ہے
تمام راہ میں گرد و غبار جیسا ہے
تمہارے پیار کا جادو ابھی نہیں ٹوٹا
نہ جانے کس لئے اک اعتبار جیسا ہے
پڑی ہے سب کو یہاں آبرو بچانے کی
ہر ایک چہرہ یہاں قرض دار جیسا ہے
شناخت کم ہوئی جاتی ہے آدمیت کی
ہر ایک ذہن پہ گرد و غبار جیسا ہے
یہ وقت وہ ہے کہ اپنے دیار میں تاباںؔ
ہر ایک شخص غریب الدیار جیسا ہے
وہ جو اک شخص کم سخن سا لگے (غزل)
وہ جو اک شخص کم سخن سا لگے
ذات میں اپنی انجمن سا لگے
یہ بھی دن آ گئے اسیری میں
اب تو غنچہ بھی اک چمن سا لگے
وہ مسافر بھلا کہاں جائے
جو وطن میں بھی بے وطن سا لگے
اس نزاکت کو حسن کہتے ہیں
جس کا احساس گل بدن سا لگے
ہائے کیا وقت آ گیا تاباںؔ
جو جنازہ ہے بے کفن سا لگے
میرے پیارے وطن میرے پیارے وطن (نظم)
میرے پیارے وطن میرے پیارے وطن
تیری دھرتی کو جھولا جھلائے گگن
تیری مٹی کی خوشبو مرے گیت میں
تیرے جھرنوں کی لے میرے سنگیت میں
تیری زلفوں سے مہکی ہے فکر سخن
پربتوں پر براجے ہوئے دیوتا
برگدی چھاؤں میں سادھوؤں کی کتھا
تجھ سے زندہ ہے تہذیب کا بانکپن
سر ہے تاج ہمالہ سنبھالے ہوئے
پاؤں لنکا کی پازیب ڈالے ہوئے
جسم کی جوت سے بھیک مانگے کرن
شہر یوں ہی ترے جگمگاتے رہیں
گاؤں مٹی سے سونا اگاتے رہیں
روز بڑھتی رہے رونق انجمن