نہال سیوہاروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی زہر کا اک جام ہوئی جاتی ہے (غزل)
زندگی زہر کا اک جام ہوئی جاتی ہے
کیا سے کیا یہ مئے گلفام ہوئی جاتی ہے
کچھ گزاری ہے غم عشق و محبت میں حیات
کچھ سپرد غم ایام ہوئی جاتی ہے
پھر کسی مرد براہیم کا محتاج ہے دہر
پھر وہی کثرت اصنام ہوئی جاتی ہے
ہوس سیر تماشہ ہے کہ ہوتی نہیں ختم
زندگی ہے کہ سبک گام ہوئی جاتی ہے
جو کبھی خالق ہنگامۂ طوفاں تھی وہ موج
حیف خو کردۂ آرام ہوئی جاتی ہے
صحبت پیر مغاں میں یہ کھلی عظمت عشق
عقل بھی درد تہ جام ہوئی جاتی ہے
تم جو آئے ہو تو شکل در و دیوار ہے اور
کتنی رنگین مری شام ہوئی جاتی ہے
یہی بے لوث محبت یہی غم خوارئ خلق (غزل)
یہی بے لوث محبت یہی غم خوارئ خلق
اور معراج کسے کہتے ہیں انسانوں کی
نام ہے کیا اسی ہنگامے کا آغاز شباب
ایک آندھی سی چلی آتی ہے ارمانوں کی
جس قدر عشق سے ہوتی ہے فزوں وسعت فکر
عقل رکھتی ہے بنائیں نئے زندانوں کی
اپنی موت اپنی تباہی کی طرف کیا دیکھیں
کہ نگاہیں طرف شمع ہیں پروانوں کی
ہو گئی عمر بہاروں کے تصور میں تمام
سیر کرتے رہے نادید گلستانوں کی
ماسوا اس کے نہیں اور کچھ افسانۂ ہند
ایک تاریخ ہے اجڑے ہوئے کاشانوں کی