پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nihal Rizvi Lucknowi کی غزلیں — Nihal Rizvi Lucknowi Ghazals

Nihal Rizvi Lucknowi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت میں کبھی تسکین دل پائی نہیں جاتی (غزل)

محبت میں کبھی تسکین دل پائی نہیں جاتی

طبیعت خود بہل جاتی ہے بہلائی نہیں جاتی

کسی سے بے وفائی پر بھی امید وفا رکھنا

یہ وہ ٹھوکر ہے جو ہر ایک سے کھائی نہیں جاتی

محبت میں غلط فہمی کا ہونا لازمی شے ہے

غلط فہمی وہ گتھی ہے جو سلجھائی نہیں جاتی

تری ہمدردیوں کا شکریہ اے پوچھنے والے

مگر کچھ بات ایسی ہے جو دہرائی نہیں جاتی

محبت دو دلوں کے درمیاں پیدا جو کرتی ہے

وہ گتھی خود سلجھ جاتی ہے سلجھائی نہیں جاتی

ابھی تھا سامنے کوئی ابھی نظروں سے اوجھل ہے

ابھی دنیا جہاں پر تھی وہاں پائی نہیں جاتی

جہاں میں ہوں وہاں ہر شے میں ان کا حسن ہے لیکن

جہاں وہ ہیں وہاں تک میری رسوائی نہیں جاتی

محبت میں بلند و پست کا احساس کیا معنی

محبت امتیازی شکل میں لائی نہیں جاتی

نہالؔ اب تو کوئی ہر وقت رہتا ہے نگاہوں میں

نہیں جاتی کسی کی جلوہ آرائی نہیں جاتی

میری سحر سحر نہ مری شام شام ہے (غزل)

میری سحر سحر نہ مری شام شام ہے

میں وہ کتاب ہوں جو ابھی ناتمام ہے

دنیا ہے یہ یہاں کا عجب انتظام ہے

غم کو قیام ہے نہ خوشی کو قیام ہے

تھوڑا سا جستجوئے نظر تیرا کام ہے

جلوہ کسی کا عام نہ ہونے پہ عام ہے

ان کی نظر میں اپنی جگہ پا رہے ہیں ہم

شاید اسی کا نام فریب تمام ہے

جس میں شریک ہوں نہ تری مہربانیاں

اس زندگی کو دور سے میرا سلام ہے

پینے سے قبل ہوش کی باتیں گناہ ہیں

پینے کے بعد ہوش گنوانا حرام ہے

شک کر رہے ہیں لوگ مرے اس یقین پر

انسانیت محبت انساں کا نام ہے

جو بھی قدم اٹھاؤ وہ سمجھا ہوا اٹھاؤ

ناکام انقلاب بغاوت کا نام ہے

ناعاقبت شناسیٔ دنیا تو دیکھیے

تھوڑی سی زندگی کا بڑا اہتمام ہے

مزید غزلیں از Nihal Rizvi Lucknowi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں