پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نگہت نسیم کی غزلیں — Nighat Naseem Ghazals

نگہت نسیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ٹکڑوں سے اپنے دل کے جدا ہو گئی ہے ماں (غزل)

ٹکڑوں سے اپنے دل کے جدا ہو گئی ہے ماں

یوں لگ رہا ہے جیسے بہت رو گئی ہے ماں

صورت کو تیری دیکھنا ممکن نہیں رہا

یہ بیج کیا جدائی کا تو بو گئی ہے ماں

اہل ادب بے حس ہیں خدایا دہائی ہے

ان کے گنہ کا بوجھ مگر ڈھو گئی ہے ماں

بچے یہ پوچھتے ہیں خلاؤں میں گھور کر

کل تک یہاں تھی آج کہاں کھو گئی ہے ماں

فرزانہ تیرے بچوں کو نگہتؔ بتائے گی

تھک کر مسافتوں سے سنو سو گئی ہے ماں

کسی جہاں میں ہوں تیرا خیال رکھتی ہوں (غزل)

کسی جہاں میں ہوں تیرا خیال رکھتی ہوں

ترے خیال سے دل کو اجال رکھتی ہوں

نگہ کی تشنگی ایسی کہ سیر ہوتی نہیں

میں تشنہ آنکھوں میں تیرا جمال رکھتی ہوں

میں تیرے فیل کو ماروں گی اپنے پیادے سے

بساط وقت پہ خود اپنی چال رکھتی ہوں

یہ میرے شعر جو ہر ایک کی زباں پر ہیں

میں اپنے شعروں میں تیرا کمال رکھتی ہوں

میں تیری آنکھوں سے اپنا وجود دیکھتی ہوں

ترے لبوں کی ہنسی بھی سنبھال رکھتی ہوں

محاذ عشق پہ قربت کی جنگ لڑتے ہوئے

میں فرقتوں کے مماثل وصال رکھتی ہوں

غنیم جان سے نگہتؔ مقابلے کے لئے

میں اپنے سامنے تیری مثال رکھتی ہوں

مزید غزلیں از نگہت نسیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں