Nigar Azeem کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جنون دل کا ابھی ترجمان باقی ہے (غزل)
جنون دل کا ابھی ترجمان باقی ہے
لبوں پہ مہر لگی ہے زبان باقی ہے
گئی رتوں کا ابھی تک نشان باقی ہے
گلی میں ایک شکستہ مکان باقی ہے
نہ پوچھیے ابھی عنواں مرے فسانے کا
یہ ابتدا ہے ابھی داستان باقی ہے
ڈبو دیا تھا کبھی جس کو تند طوفاں نے
اسی سفینے کا اک بادبان باقی ہے
ہزار بار زمانے نے کروٹیں بدلیں
ہمارے سر پہ وہی آسمان باقی ہے
اک آشیانے پہ بجلی گری تو رونا کیا
ہمارے واسطے سارا جہان باقی ہے
نگارؔ خانۂ دل میں بسی ہے ویرانی
مکیں چلا گیا لیکن مکان باقی ہے
دل کے موسم کو کسی طور سہانا کر دے (غزل)
دل کے موسم کو کسی طور سہانا کر دے
زندگی کرنے کا کوئی تو بہانا کر دے
ہم کو یہ شہر ہوس کاٹ رہا ہے کب سے
ہم فقیروں کا کہیں اور ٹھکانا کر دے
مانگنے چل تو دئے اس سے دل اپنا واپس
وہ مگر پھر نہ کوئی تازہ بہانا کر دے
عہد نو راس کب آیا ہمیں بھی یا رب
اس نئے وقت کو پہلے سا پرانا کر دے
جو فسانوں کو حقیقت میں بدل دیتا ہے
یہ بھی ممکن ہے حقیقت کو فسانہ کر دے
فکر کو میری وہ تاثیر عطا کر یا رب
میرے شعروں کو جو مقبول زمانہ کر دے
زندگی اپنی تو گزری ہے حوادث میں نگارؔ
میرے بچوں کے مقدر کو سہانا کر دے
زندگی کیا ہے (نظم)
زندگی کیا ہے
پیار ہے محبت ہے
حسن ہے حقیقت ہے
عشق ہے عبادت ہے
علم ہے دانائی ہے
قلندری ہے سکندری ہے
نعمت ہے اور رفعت ہے
آئنہ ہے سراب ہے
کل ہی کی تو بات ہے
زندگی زندگی سے مل رہی تھی گلے
آج موت سے ہمکنار ہے
ایک فلسفۂ حیات ہے