ندھی گپتا کشش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سارے ہی زندگی کے فسانے بدل گئے (غزل)
سارے ہی زندگی کے فسانے بدل گئے
موسم کی طرح دوست پرانے بدل گئے
سسکا ہے گھر کی چھت پہ پرندہ بھی رات بھر
کھائے جہاں نوالے گھرانے بدل گئے
شانوں پہ جس پتا نے دکھایا اسے جہاں
بٹیا بڑی ہوئی تو ٹھکانے بدل گئے
پینسٹھ کی عمر میں بھی چڑھی ہیں جوانیاں
آب و ہوا کے ساتھ سیانے بدل گئے
نکلی ہے قید اشک سے مدت میں یہ کششؔ
اس مرحلے کے بعد زمانے بدل گئے
چھوڑ کر جنت سی گلیاں گاؤں سے آنا پڑا (غزل)
چھوڑ کر جنت سی گلیاں گاؤں سے آنا پڑا
ایک روٹی کے لیے ہی اتنا جرمانہ پڑا
راس آتی تھی نہ ماں کی روٹیاں گھی سے لگی
ہائے اس پردیش میں پھر بھوکا سو جانا پڑا
سا رے گا ما پا دھا نی سا سا نی دھا پا ما گا رے
ساز گر روٹھے جو مطرب سرگمیں گانا پڑا
روح دے گی ساتھ تیرا جسم بس کار ہوس
وہ سمجھتا ہی نہیں تھا اس کو سمجھانا پڑا
چاہتوں کی آس میں ڈھونڈھا زمانہ اے کششؔ
تیری خاطر دوسرے لوگوں کو ٹھکرانا پڑا