پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ندا فاضلی کی غزلیں — Nida Fazli Ghazals

ندا فاضلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی کسی کو مکمل جہاں نہیں ملتا (غزل)

کبھی کسی کو مکمل جہاں نہیں ملتا

کہیں زمین کہیں آسماں نہیں ملتا

تمام شہر میں ایسا نہیں خلوص نہ ہو

جہاں امید ہو اس کی وہاں نہیں ملتا

کہاں چراغ جلائیں کہاں گلاب رکھیں

چھتیں تو ملتی ہیں لیکن مکاں نہیں ملتا

یہ کیا عذاب ہے سب اپنے آپ میں گم ہیں

زباں ملی ہے مگر ہم زباں نہیں ملتا

چراغ جلتے ہی بینائی بجھنے لگتی ہے

خود اپنے گھر میں ہی گھر کا نشاں نہیں ملتا

سفر میں دھوپ تو ہوگی جو چل سکو تو چلو (غزل)

سفر میں دھوپ تو ہوگی جو چل سکو تو چلو

سبھی ہیں بھیڑ میں تم بھی نکل سکو تو چلو

کسی کے واسطے راہیں کہاں بدلتی ہیں

تم اپنے آپ کو خود ہی بدل سکو تو چلو

یہاں کسی کو کوئی راستہ نہیں دیتا

مجھے گرا کے اگر تم سنبھل سکو تو چلو

کہیں نہیں کوئی سورج دھواں دھواں ہے فضا

خود اپنے آپ سے باہر نکل سکو تو چلو

یہی ہے زندگی کچھ خواب چند امیدیں

انہیں کھلونوں سے تم بھی بہل سکو تو چلو

تمہاری قبر پر (نظم)

تمہاری قبر پر

میں فاتحہ پڑھنے نہیں آیا

مجھے معلوم تھا

تم مر نہیں سکتے

تمہاری موت کی سچی خبر جس نے اڑائی تھی

وہ جھوٹا تھا

وہ تم کب تھے

کوئی سوکھا ہوا پتہ ہوا سے مل کے ٹوٹا تھا

مری آنکھیں

تمہارے منظروں میں قید ہیں اب تک

میں جو بھی دیکھتا ہوں

سوچتا ہوں

وہ وہی ہے

جو تمہاری نیک نامی اور بد نامی کی دنیا تھی

کہیں کچھ بھی نہیں بدلا

تمہارے ہاتھ میری انگلیوں میں سانس لیتے ہیں

میں لکھنے کے لیے

جب بھی قلم کاغذ اٹھاتا ہوں

تمہیں بیٹھا ہوا میں اپنی ہی کرسی میں پاتا ہوں

بدن میں میرے جتنا بھی لہو ہے

وہ تمہاری

لغزشوں ناکامیوں کے ساتھ بہتا ہے

مری آواز میں چھپ کر

تمہارا ذہن رہتا ہے

مری بیماریوں میں تم

مری لاچاریوں میں تم

تمہاری قبر پر جس نے تمہارا نام لکھا ہے

وہ جھوٹا ہے

تمہاری قبر میں میں دفن ہوں

تم مجھ میں زندہ ہو

کبھی فرصت ملے تو فاتحہ پڑھنے چلے آنا