نیاز جیراجپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہوا کا جھونکا بھی نظریں جما کے بیٹھ گیا (غزل)
ہوا کا جھونکا بھی نظریں جما کے بیٹھ گیا
میں ریت پر ترا چہرہ بنا کے بیٹھ گیا
سراپا ناز وہ محفل میں آ کے بیٹھ گیا
نہ جانے کتنوں کے طوطے اڑا کے بیٹھ گیا
تھا انتظار مجھے جس کے لوٹ آنے کا
کسی کو اور وہ اپنا بنا کے بیٹھ گیا
بھٹک رہی تھی ہوا کاسۂ طلب لے کر
سو راستے میں دیا میں جلا کے بیٹھ گیا
وہ ایک بلبلہ جو سطح آب پر ابھرا
بساط میری وہ مجھ کو بتا کے بیٹھ گیا
کریدنے سے نہ باز آیا راکھ ماضی کی
وہ آخر انگلیاں اپنی جلا کے بیٹھ گیا
ملال و رشک ہے جیراجپوریؔ کو اس کا
نیازؔ سے بھی کوئی دل لگا کے بیٹھ گیا
ریت پہ ساحل کی اپنے نقش پا چھوڑ آئے ہیں (غزل)
ریت پہ ساحل کی اپنے نقش پا چھوڑ آئے ہیں
اے ہوا تیرے لیے اپنا پتا چھوڑ آئے ہیں
لوٹ کر دیکھیں گے اس کے آگے اس نے کیا لکھا
ڈائری میں اس کی اک پنا مڑا چھوڑ آئے ہیں
یوں اثر انداز اکیلے پن کا دکھ ہم پہ ہوا
طوطے کے پنجرے کو آنگن میں کھلا چھوڑ آئے ہیں
شہر میں آ کر بھٹکتے پھر رہے ہیں در بدر
سیدھا سا ہر رستہ اپنے گاؤں کا چھوڑ آئے ہیں
گزرے کیوں مایوس ہو کر صورت سائل ہوا
اک دیا دہلیز پر جلتا ہوا چھوڑ آئے ہیں
جالے بن کر مکڑیاں محفوظ رکھیں گی اسے
وقت رخصت گھر میں نام اللہ کا چھوڑ آئے ہیں
اس کے خالی پن کو بھی بھرنے کی سوچیں اے نیازؔ
ویسے تو راشن کا ہر ڈبہ بھرا چھوڑ آئے ہیں