Nehreer Javed کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ مجھ سے روز یہ کہتی ہے کیا مصیبت ہے (غزل)
وہ مجھ سے روز یہ کہتی ہے کیا مصیبت ہے
ہوا کے واسطے میرا دیا مصیبت ہے
مصیبتوں میں گھرا شخص ہوں سو جانتا ہوں
کہ اس نے خط میں مجھے کیوں لکھا مصیبت ہے
وہی تو خلق خدا کے لیے مصیبت ہیں
جو سوچتے ہیں کہ خلق خدا مصیبت ہے
وہ میرے ساتھ کسی طور چل نہیں سکتا
زمانے بھر سے ہی میری جدا مصیبت ہے
نہ اب وہ حسن و جوانی نہ تمکنت نہ غرور
مصیبتوں میں وہ خود مبتلا مصیبت ہے
ہر ایک شعر مصیبت سے متصل ٹھہرا
ردیف پہلے تھی اب قافیہ مصیبت ہے
گزار لیتے ہیں دن تو کسی طرح نحریرؔ
مگر وہ رات جسے کاٹنا مصیبت ہے
اس کے لہجے میں عجب زہر نہاں ہوتا ہے (غزل)
اس کے لہجے میں عجب زہر نہاں ہوتا ہے
بات کرتا ہے تو ڈسنے کا گماں ہوتا ہے
ایک دو دن کا تماشا ہے یہ دریا فہمی
ڈوبنے والا سر آب رواں ہوتا ہے
اب مرے شہر کی گلیوں کا خدا ہی حافظ
جس جگہ آگ نہیں ہوتی دھواں ہوتا ہے
سر پھرا مجھ سے بھی بڑھ کر ہے یہ آوارہ پن
کون ہوتا ہے جو پوچھے کہ کہاں ہوتا ہے
لاکھ بالوں پہ گرے برف بھلے عمر ڈھلے
جذبے زندہ ہوں تو انسان جواں ہوتا ہے
خود غرض لوگ جہاں رہتے ہوں نحریرؔ میاں
ہم اسے گھر نہیں کہتے وہ مکاں ہوتا ہے