نیرج نوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آج زخموں کی ترجمانی میں (غزل)
آج زخموں کی ترجمانی میں
تم کو پایا ہر اک معانی میں
دیکھ مت یوں تو مسکرا کے مجھے
پھینک پتھر نہ ٹھہرے پانی میں
کچھ تو سچ ہو کہ اعتبار کروں
جھول ہی جھول ہیں کہانی میں
یہ سزا اس لئے ملی ہے کہ ہم
ایک سچ کہہ گئے روانی میں
اب وہی زندگی کا حاصل ہے
بچ گیا تھا جو رائیگانی میں
تم ہو مفہوم شاعری کا مری
تم ہو اولی میں تم ہی ثانی میں
اس نے جو لکھ دیا سو جیتے ہیں
ہم تو کردار ہیں کہانی میں
یہ ملاقات نہ ٹالوں گا چلا آؤں گا (غزل)
یہ ملاقات نہ ٹالوں گا چلا آؤں گا
کوئی ترکیب نکالوں گا چلا آؤں گا
دل ابھی تم سے ملاقات کو تیار نہیں
جیسے ہی دل کو منا لوں گا چلا آؤں گا
اب نہیں میں وہ جسے تم نے کبھی چاہا تھا
خود کو اس شکل میں ڈھالوں گا چلا آؤں گا
سوچتا ہوں میں کہ آنا کوئی مشکل بھی نہیں
اک بہانا ہی بنا لوں گا چلا آؤں گا
اب بھی لگتا ہے کہ تم میرے نہیں ہو کامل
جب تمہیں اپنا بنا لوں گا چلا آؤں گا
میری تقدیر ابھی مجھ سے خفا ہے جاناں
روٹھی تقدیر منا لوں گا چلا آؤں گا
منتظر ہوں یہ کہو تم کہ ابھی آ جاؤ
وقت سے ہاتھ ملا لوں گا چلا آؤں گا
کوئی امید نہیں کوئی توقع بھی نہیں
اب تو بس نام خدا لوں گا چلا آؤں گا