Neeraj Goswami کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہیں ہے ارے یہ بغاوت نہیں ہے (غزل)
نہیں ہے ارے یہ بغاوت نہیں ہے
ہمیں سر جھکانے کی عادت نہیں ہے
چھپائے ہوئے ہیں وہی لوگ خنجر
جو کہتے کسی سے عداوت نہیں ہے
کروں کیا پروں کا اگر ان سے مجھ کو
فلک ناپنے کی اجازت نہیں ہے
اٹھا کر گرانا گرا کر مٹانا
ہمارے یہاں کی روایت نہیں ہے
ملا کر نگاہیں جھکاتے جو گردن
وہی کہہ رہے ہیں محبت نہیں ہے
بہت کر لی پہلے زمانے سے ہم نے
ہمیں اب کسی سے شکایت نہیں ہے
کہو کیا کرو گے گھٹاؤں کا نیرجؔ
اگر بھیگ جانے کی چاہت نہیں ہے
درد دل میں مگر لب پہ مسکان ہے (غزل)
درد دل میں مگر لب پہ مسکان ہے
حوصلوں کی ہمارے یہ پہچان ہے
لاکھ کوشش کرو آ کے جاتی نہیں
یاد اک بن بلائی سی مہمان ہے
کھلکھلاتا ہے جو آج کے دور میں
اک عجوبے سے کیا کم وہ انسان ہے
زر زمیں سلطنت سے ہی ہوتا نہیں
جو دے بھوکے کو روٹی، وہ سلطان ہے
میر، تلسی، ظفر، جوش، میرا، کبیر
دل ہی غالبؔ ہے اور دل ہی رسخان ہے
پانچ کرتا ہے جو، دو میں دو جوڑ کر
آج کل صرف اس کا ہی گن گان ہے
ڈھونڈتا پھر رہا پھول پر تتلیاں
شہر میں وہ نیا ہے کہ نادان ہے
گر نہ سمجھا تو نیرجؔ لگے گی کٹھن
زندگی کو جو سمجھا تو آسان ہے