پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Neelam Malik کی غزلیں — Neelam Malik Ghazals

Neelam Malik کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ نیلی آنچ یا نیلم پری ہے (غزل)

یہ نیلی آنچ یا نیلم پری ہے

ہوا کی تان پر جو جھومتی ہے

مرا کمرہ مثال دشت وحشت

جہاں رم خوردہ ہرنی کھو گئی ہے

اڑا پھرتا ہے پنچھی کینوس پر

مصور کی عجب صورت گری ہے

طلب میں قطرۂ نیساں کی بے دم

سر ساحل کوئی سیپی پڑی ہے

وہاں تھا آج گل کھلنے کا امکاں

جہاں کل رات ہی بجلی گری ہے

جہاں پر دھوپ دن لکھ کر گئی تھی

وہاں اب رات نے کالک ملی ہے

گزارہ اس پہ بھی کر تو رہے ہیں

مگر تو ہی بتا یہ زندگی ہے

ہے اس میں طول شام غم کا قصہ

جو یہ بالشت بھر کی ڈائری ہے

میسر ہے سخن دانوں کی صحبت

تبھی اچھی غزل کاری ہوئی ہے

بحر میں دائرے تو ہوں گے ہی (غزل)

بحر میں دائرے تو ہوں گے ہی

پیار میں وسوسے تو ہوں گے ہی

خواب تھا اس کی شوخ آنکھوں کا

خواب کے زاویے تو ہوں گے ہی

روز تم پھول بن میں جاتے تھے

لازماً گل کھلے تو ہوں گے ہی

یہ کوئی عشق تو نہیں ہے حضور

جاب ہے مسئلے تو ہوں گے ہی

دل ہے ویراں تو رہ نہیں سکتا

درد اس میں بسے تو ہوں گے ہی

یہ محبت ہے دوستی تو نہیں

معذرت شکریے تو ہوں گے ہی

جب محبت پہ بات کی تم نے

لوگ تم پر ہنسے تو ہوں گے ہی

بھاگتے وقت کے کئی لمحے

کیمرے سے کھنچے تو ہوں گے ہی

آپ گاڑی بڑھائیے اپنی

روڈ پر حادثے تو ہوں گے ہی

سچ ذرا حوصلے سے سنیے گا

لفظ کچھ کھردرے تو ہوں گے ہی

آپ جب دیکھتے ہیں آئینہ

آئنے دیکھتے تو ہوں گے ہی

ہو نہ ہو اس غزل میں کیفیت

منفرد قافیے تو ہوں گے ہی

تازہ کاری کی مشق جاری ہے

شعر میں چٹکلے تو ہوں گے ہی

میں نے جب سے اپنے کمرے کی (نظم)

میں نے جب سے اپنے کمرے کی

بستر کے سامنے والی دیوار پر ٹنگی گھڑی اتاری ہے

تب سے اس دیوار پر آنکھیں اگنا شروع ہو گئی ہیں

گھڑی کے اندر

گول گول گھومتا وقت چکرا کر ٹھہر گیا تھا

اب دیوار پر اگی ان تمام آنکھوں میں

گھڑیاں بنی ہوئی ہیں

اور ہر گھڑی مختلف وقت پر رکی ہوئی ہے

لیکن آنکھوں کی بیل کے سائے میں پڑا

ڈریسنگ ٹیبل کا آئینہ بتاتا ہے

کہ وقت چل رہا ہے

تیز رفتاری سے

اتنی تیز رفتاری سے

کہ اکثر ہانپ جاتا ہے

مزید غزلیں از Neelam Malik ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں