پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Neelam Bhatti کی غزلیں — Neelam Bhatti Ghazals

Neelam Bhatti کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خیال یار کی گلیوں سے جب گزرتے ہیں (غزل)

خیال یار کی گلیوں سے جب گزرتے ہیں

نئے غرور سے فرقت کے داغ جلتے ہیں

نمی ہے آنکھ میں گو کہ تمہاری یادوں کی

اسی بہانے کئی اور غم برستے ہیں

وصال یار کا موسم تھا میری چوڑی تھی

کلائیوں پہ ابھی تک وہ پل دھڑکتے ہیں

نگاہ یار کو کیسے غزل کروں گی میں

کہ اس کے دیکھنے سے قافیے بہکتے ہیں

ہزار سال طوالت ہے اس جدائی کی

ہزار آنکھ میں آنسو ابھی سلگتے ہیں

ہمارے بام پہ رکتا ہے اس تسلسل سے

پرانے درد نئے چاند میں دمکتے ہیں

وہ میری پہلی محبت کا عکس ہے نیلمؔ

اسی پہ حرف محبت تمام کرتے ہیں

سخن میں جو روانی ہو گئی ہے (غزل)

سخن میں جو روانی ہو گئی ہے

خدا کی مہربانی ہو گئی ہے

جو تیرے واسطے لکھی گئی تھی

وہی میری کہانی ہو گئی ہے

نیا الزام رکھ دو آدمی پر

یہ دنیا اب پرانی ہو گئی ہے

ترا موسم جو آیا ہے نظر میں

غزل کتنی سہانی ہو گئی ہے

تری آنکھوں میں ڈھلتی مسکراہٹ

ہماری زندگانی ہو گئی ہے

کہاں کا دل کہاں کا ہے فسانہ

محبت آنی جانی ہو گئی ہے

نہیں لکھے گی نیلمؔ نام ان کا

وہ اب قدرے سیانی ہو گئی ہے

ہمارے آگے (نظم)

ہمارے آگے

پڑا ہوا ہے

یہ فاصلہ جو

وہیں محبت

دھڑک رہی ہے

قدم کے نیچے

نظر کی حد تک

ہے دشت صحرا

ازل سے پھیلا

تری نظر میں

ہے اک کنارہ

مری نگہ میں

ہے دوجی منزل

تو بیچ ان کے

جو فاصلہ ہے

اسی کے اندر

تری محبت

مری محبت

مزید غزلیں از Neelam Bhatti ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں