Neelam Antulay کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ دعا کاش پر اثر ہو جائے (غزل)
یہ دعا کاش پر اثر ہو جائے
میرا ہر خواب معتبر ہو جائے
پیاسی پیاسی سی زندگی کی زمیں
تیری یادوں سے تر بہ تر ہو جائے
ذکر تیرا ہو فکر تیری ہو
عمر کچھ اس طرح بسر ہو جائے
بدلیں تاریکیاں اجالوں سے
قرب حاصل ترا اگر ہو جائے
ابر رحمت ہے پیاسا پیاسا دل
اس طرف بھی تو اک نظر ہو جائے
دل کو میرے سنبھال لے مولیٰ
اس سے پہلے کہ در بدر ہو جائے
ہے وہی ہوشیار نیلمؔ جو
موت سے پہلے با خبر ہو جائے
آئینہ جسم سے ہے ملاقات کے لیے (غزل)
آئینہ جسم سے ہے ملاقات کے لیے
بیتاب سی ہے روح تری ذات کے لیے
ملنا تھا رب سے کر کے بدن کو مثال خاک
اس کو سنوارے جاتے تھے کس بات کے لیے
پرسان حال حشر میں کوئی نہیں ہے آج
بے چین سب ہیں تیری عنایات کے لیے
گر کچھ نہیں تو اشک ندامت ہی ہوتے ساتھ
نذرانہ کچھ تو ہوتا تری ذات کے لیے
نیلمؔ عمل کے جلتے چراغوں کو رکھنا ساتھ
کچھ روشنی تو چاہیے اس رات کے لیے
ماں جیسی کوئی صورت دنیا میں ہے نہ ہوگی (نظم)
ماں جیسی کوئی صورت دنیا میں ہے نہ ہوگی
ممتا کی کوئی قیمت دنیا میں ہے نہ ہوگی
اولاد کے لیے جو لڑ جائے آندھیوں سے
اوروں میں اتنی ہمت دنیا میں ہے نہ ہوگی
ہر پل گزارتی یہ اولاد کے لیے ہے
ایسی کسی کی فطرت دنیا میں ہے نہ ہوگی
بھوکا وہ خود کو رکھ کے اولاد کو کھلائے
ماں جیسی نیک سیرت دنیا میں ہے نہ ہوگی
بچوں کے آگے خود کو اس نے مٹا دیا ہے
اس سے عظیم عورت دنیا میں ہے نہ ہوگی
ہر شے ہے ہیچ نیلمؔ ماں کی تڑپ کے آگے
ماں جیسی پیاری مورت دنیا میں ہے نہ ہوگی