نیل احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مری محبت بھی نیلگوں ہے (غزل)
مری محبت بھی نیلگوں ہے
میں اس کو دوں گی گلاب نیلا
چمکتے عارض گھٹا سے گیسو
ہٹا دیا ہے نقاب نیلا
فلک سے آگے پلک سے آگے
نظر میں رکھا شہاب نیلا
ہے نغمہ آہنگ زندگی بھی
ہے ساز موج رباب نیلا
ہرے سمندر کے پاس جاؤں
تو وہ بھی نکلے سراب نیلا
جو لال لفظوں سے خط لکھا تھا
مجھے ملا ہے جواب نیلا
ہیں زخم سارے ہی نیلے نیلے
ہے یہ محبت عذاب نیلا
رفاقتوں کے سفر سے بوجھل
میں لکھ رہی ہوں نصاب نیلا
دیوار پہ مزدور کی تصویر سجا کر (نظم)
دیوار پہ مزدور کی تصویر سجا کر
اخبار کے کونے میں خبر ایک لگا کر
کچھ کارڈ بھی مزدور کے ہاتھوں میں اٹھا کر
دو چار غریبوں کو بھی دھرتی پہ بٹھا کر
ان میں سے کسی ایک کو اسٹیج پر لا کر
پھر اس کی کہانی سبھی لوگوں کو سنا کر
تقریر کرا کر تو کبھی تالی بجا کر
مزدور کو مزدور کا عرفان دلا کر
اور اپنے تئیں کار مقدس کو نبھا کر
ہر سال یہ احسان جتاتے ہیں بڑے لوگ
مزدور کا پھر جشن مناتے ہیں بڑے لوگ