پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نذر فاطمی کی غزلیں — Nazr Fatmi Ghazals

نذر فاطمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کہہ کر وہ شب بخیر دعا دے کے سو گیا (غزل)

کہہ کر وہ شب بخیر دعا دے کے سو گیا

بے چین آرزو کو یہ کیا دے کے سو گیا

ڈالا ہے آج کیسے پس و پیش میں مجھے

تصویر اپنی جان ادا دے کے سو گیا

تنگ آ کے میری طفل مزاجی سے آخرش

خواب آوری کی مجھ کو دوا دے کے سو گیا

کتنی شبوں کا جاگا وہ دنیا کو تحفتاً

ضرب کلیم بانگ درا دے کے سو گیا

جاگا تو نیم شب میں وہ مکار سنتری

سب جاگتے رہو یہ صدا دے کے سو گیا

وہ اک نگاہ ناز و ادا ڈالنے کے بعد

بیمار دل کو درد نیا دے کے سو گیا

دل ڈوبتا ہے نذرؔ تو ہمراز وہ مرا

اپنا جمال اپنی وفا دے کے سو گیا

قصے بچپن کے جو اک روز سہانے نکلے (غزل)

قصے بچپن کے جو اک روز سہانے نکلے

دشمنوں میں ہی کئی دوست پرانے نکلے

کر لیا ترک تعلق کا ارادہ تو اسے

میری ہر بات میں پھر کتنے بہانے نکلے

سوکھتی کاشت پہ اک روز جو برسا پانی

ننھے بچے سبھی گاؤں کے نہانے نکلے

قافلے یادوں کے یک لخت دبے پاؤں سے

میری آنکھوں سے مری نیند چرانے نکلے

شمع اک سمت جلی اور ادھر پروانے

اپنے ہی خون کے دریا میں نہانے نکلے

رخ جو پژمردہ کسی شوخ کا دیکھا تو لگا

کیسے گزری ہے شب غم یہ بتانے نکلے

نذرؔ پھر آیا ہے اک رسم نبھانے کا دن

سج سنور کے سبھی راون کو جلانے نکلے

مزید غزلیں از نذر فاطمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں