پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نذیر فتح پوری کی غزلیں — Nazir Fatehpuri Ghazals

نذیر فتح پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر روز نیا اک ستم ایجاد کرو ہو (غزل)

ہر روز نیا اک ستم ایجاد کرو ہو

آباد رہو ہو ہمیں برباد کرو ہو

جس شہر میں ہر شخص ہے پتھر کا تراشا

اس شہر میں کس واسطے فریاد کرو ہو

کیوں خون بہاؤ ہو میاں حسن چمن کا

کیوں سبزۂ شاداب کو برباد کرو ہو

برسا نہیں آنکھوں سے ابھی کرب کا ساون

کیوں ختم ابھی درد کی روداد کرو ہو

وہ خود ہی نذیرؔ آئے گا اک روز یہاں تک

تم کس لیے قاتل کا پتہ یاد کرو ہو

آسماں کا نہ رہا اور زمیں کا نہ رہا (غزل)

آسماں کا نہ رہا اور زمیں کا نہ رہا

غم کی جو شاخ سے ٹوٹا وہ کہیں کا نہ رہا

اتنے بے رنگ اجالوں سے نظر گزری ہے

حوصلہ آنکھ کو اب خواب حسیں کا نہ رہا

وقت نے سارے بھروسوں کے شجر کاٹ دئے

اب تو سایہ بھی کوئی خاک نشیں کا نہ رہا

کون اب اس کو اجڑنے سے بچا سکتا ہے

ہائے وہ گھر کہ جو اپنے ہی مکیں کا نہ رہا

اے نظیرؔ اپنی شرافت ہے اسی کی قائل

ہاں کا پابند ہوا جب تو نہیں کا نہ رہا

جس پہ بھی ڈالوں نظر وہ شخص گھبرایا لگے (نظم)

جس پہ بھی ڈالوں نظر وہ شخص گھبرایا لگے

جس کو دیکھوں زندگی سے جیسے تنگ آیا لگے

غم کا مارا ہر کوئی خوشیوں کا ٹھکرایا لگے

’’اے غم دل کیا کروں اے وحشت دل کیا کروں‘‘

فاقہ مستی تنگ دستی کا ہے چرچا چار سو

مر گئی ہے اب دلوں سے زندگی کی آرزو

ہو گیا ہے خشک انسانوں کے جسموں کا لہو

بچے گلیوں میں پھریں آوارہ کتوں کی طرح

اور سڑکوں پر بکیں کچھ جسم پھولوں کی طرح

کوئی تڑپے بھوک سے زخمی پرندوں کی طرح

ظلم کرتے ہیں سبھی اب مہربانی کی جگہ

ذلتیں ملتی ہیں اکثر قدردانی کی جگہ

آسماں بھی آگ برساتا ہے پانی کی جگہ

رشوتوں کی ٹھوکروں میں ہیں اصولوں کے مزار

اب نہیں قانون میں تلوار کی سی تیز دھار

کھو دیا ہے آج کے انسان نے اپنا وقار

اس نئی تہذیب نے پیدا کیے اجلے سماج

کس انوکھے ڈھنگ سے بدلا ہے دنیا کا رواج

حسن بے پردہ ہوا ہے عشق آوارہ مزاج

آدمی خود ہی پرستار جہالت بن گیا

مندر و مسجد کا جھگڑا ایک عادت بن گیا

دھرم تو اک پیار تھا جو آج نفرت بن گیا

ہند ہو یا پاک ہو یا روس ہو یا بحر روم

جس طرف اٹھتی ہیں نظریں ہیں وہاں فتنوں کی دھوم

آدمی کے فعل سے سہمے ہیں اب ماہ و نجوم

زندگی کیا ہے تڑپتی دوپہر کا روپ ہے

ہر طرف پھیلی ہوئی بے مائیگی کی دھوپ ہے

آدمی کے روپ پر چھایا ہوا بہروپ ہے

مزید غزلیں از نذیر فتح پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں