پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ناظر صدیقی کی غزلیں — Nazir Siddiqi Ghazals

ناظر صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گھر سے اب باہر نکلنے میں بھی گھبراتے ہیں ہم (غزل)

گھر سے اب باہر نکلنے میں بھی گھبراتے ہیں ہم

سنگ باری ہو کہیں بھی زد میں آ جاتے ہیں ہم

آ گلے لگ جا ہمارے تیرگیٔ شام غم

روشنی کے نام پر دھوکے بہت کھاتے ہیں ہم

ان کا کہنا ہے کہ بس ترک تعلق ہو چکا

ہم یہ کہتے ہیں کہ اب تنہا رہے جاتے ہیں ہم

یوں تو دنیا نے بھی رکھا ہے نشانے پر ہمیں

وحشت دل سے بھی کچھ آب و ہوا پاتے ہیں ہم

اس کے رخ پر ڈالتے ہیں اک اچٹتی سی نظر

اور پھر فکر سخن میں غرق ہو جاتے ہیں ہم

ہنس کے کر لیتے ہیں وہ اپنے ستم کا اعتراف

اور ان کی اس ادا پر قتل ہو جاتے ہیں ہم

دیکھتے ہیں مسکرا کر اپنے بچوں کی طرف

جب تھکن کا بوجھ اوڑھے اپنے گھر آتے ہیں ہم

اس قدر حالات نے ناظرؔ بدل ڈالا ہمیں

دوستوں کے درمیاں اب کم نظر آتے ہیں ہم

فصیل جاں پہ رکھی تھی نہ بام و در پہ رکھی تھی (غزل)

فصیل جاں پہ رکھی تھی نہ بام و در پہ رکھی تھی

زمانے بھر کی بے خوابی مرے بستر پہ رکھی تھی

ابھر آئی تھی پیشانی پہ نقش معتبر بن کر

پرانی فکر کی خوشبو نئے منظر پہ رکھی تھی

نظر اٹھی تو بس حیرت سے ہم دیکھا کئے اس کو

ہماری گمشدہ دستار اس کے سر پہ رکھی تھی

اسی کو زخم دینے پر تلا تھا سرپھرا سورج

مری تخئیل کی بنیاد جس شہ پر پہ رکھی تھی

زمیں پر روشنی آتی رہی جاتی رہی لیکن

ہماری خانہ ویرانی بس اک محور پہ رکھی تھی

پسینہ میری محنت کا مرے ماتھے پہ روشن تھا

چمک لعل و جواہر کی مری ٹھوکر پہ رکھی تھی

مرے سر پر مسلسل آگ برساتا رہا سورج

نہ جانے کیسی ٹھنڈک میری چشم تر پہ رکھی تھی

مری گردن جو زینت بن چکی تھی قتل گاہوں کی

کبھی نیزے پہ رکھی تھی کبھی خنجر پہ رکھی تھی

بدل کر پیرہن قدموں کے نیچے آ گئی ناظرؔ

وہی مٹی جو اک دن دست کوزہ گر پہ رکھی تھی