پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nazir Al Husaini کی غزلیں — Nazir Al Husaini Ghazals

Nazir Al Husaini کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

صبح درخشاں اپنے وطن میں خواب پریشاں اپنے وطن میں (غزل)

صبح درخشاں اپنے وطن میں خواب پریشاں اپنے وطن میں

کیف مسلسل رقص بہاراں جلوۂ خنداں اپنے وطن میں

ڈوب رہی ہے نبض ہستی ٹوٹ رہا ہے سانس کا جادو

لیل و نہار زیست یہی ہے درد ہے درماں اپنے وطن میں

اہل جنوں کو فاقہ مستی اہل خرد کو عشرت ہستی

دیکھ کے یہ توقیر انساں عقل ہے حیراں اپنے وطن میں

آج ہوس کا نام محبت اور محبت وجہ کلفت

خلق ہے مہنگا اپنے وطن میں پیار ہے ارزاں اپنے وطن میں

دل میں کسک اور لب پر آہیں آنکھ میں آنسو سر میں سودا

حسن کی دنیا خنداں خنداں عشق ہے گریاں اپنے وطن میں

بھول جا ناظرؔ اپنا ماضی عیش گزشتہ خواب تھا گویا

تیرے مقدر میں ہے ٹھوکر تو ہے پریشاں اپنے وطن میں

ہے درد میں ڈوبی ہوئی تحریر کی آواز (غزل)

ہے درد میں ڈوبی ہوئی تحریر کی آواز

وجدان کو چھو لیتی ہے تصویر کی آواز

تنہائی میں آنکھوں سے نکل آتے ہیں آنسو

گویا ہے فضا میں کسی دلگیر کی آواز

دیوانۂ ہستی کے لیے ایک ہیں دونوں

پازیب کی جھنکار کہ شمشیر کی آواز

یاد آیا ہے جب سانحہ زندان بلا کا

ابھری در و دیوار سے زنجیر کی آواز

لگ جاتی ہے جب راہ پر اسرار میں ٹھوکر

ہم اس کو سمجھ لیتے ہیں تقدیر کی آواز

تخریب پسندوں نے وہ طوفان اٹھایا

اس شور میں کھو جائے نہ تعمیر کی آواز

نغموں کا اثر ہوتا ہے ارباب طرب پر

ناظرؔ کو رلا دیتی ہے زنجیر کی آواز

مزید غزلیں از Nazir Al Husaini ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں