Nazim Zarsinar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خیال میرے رلائیں تم کو تو لوٹ آنا (غزل)
خیال میرے رلائیں تم کو تو لوٹ آنا
ہوائیں ٹھنڈی جلائیں تم کو تو لوٹ آنا
او جانے والے سمیٹ لوں گی میں بازوؤں میں
تھکاوٹیں گر ستائیں تم کو تو لوٹ آنا
قسم تمہاری ہمیشہ میں منتظر رہوں گی
مری نگاہیں بلائیں تم کو تو لوٹ آنا
تمام لوگوں کی چاہتیں دیکھ کر بھی آئیں
جو یاد میری وفائیں تم کو تو لوٹ آنا
اگر کبھی دھڑکنیں تمہاری ہو جائیں مضطر
میں مر چکی ہوں بتائیں تم کو تو لوٹ آنا
کس طرح یہ دل ہوا تم پر فدا لکھ جاؤں گا (غزل)
کس طرح یہ دل ہوا تم پر فدا لکھ جاؤں گا
اپنی پیشانی پہ اپنی ہر خطا لکھ جاؤں گا
نیک نامی آپ کی قائم رہے گی اس طرح
آپ کو معصوم میں خود کو برا لکھ جاؤں گا
لوح پر مجھ سے خدا لکھوائے گر میری رضا
وہ ہمیشہ خوش رہیں میں یہ دعا لکھ جاؤں گا
تجربہ جس سے مرے دل نے بہت پایا سرور
دیکھنا ان کی حیا کی انتہا لکھ جاؤں گا
میں وصیت میں لحد اپنی سجانے کے لیے
ہو کفن میرا فقط ان کی ردا لکھ جاؤں گا
کیا مجھے اپنا بنانے کے لیے آئی ہو (نظم)
کیا مجھے اپنا بنانے کے لیے آئی ہو
یا مرا درد بڑھانے کے لیے آئی ہو
جب فدا ہو گئے ایماں پہ بتان آزر
ایک بت خانہ بسانے کے لیے آئی ہو
جب کہ اک شمع بھی باقی نہ رہی دنیا میں
مشعل دل کو جلانے کے لیے آئی ہو
کس لیے آج ہیں مخمور تمہاری آنکھیں
کیا مری پیاس بجھانے کے لیے آئی ہو
مجھ سے کہہ کر میں تمہیں یاد بہت آتا ہوں
کیا مرے دل کو لبھانے کے لیے آئی ہو
ایک مدت سے جو خوابیدہ ہیں میرے دل میں
پھر وہ ارمان جگانے کے لیے آئی ہو
خواب ہستی بھی بھلا دو گی مری جان مجھے
یا کہ نیندوں کو بسانے کے لیے آئی ہو
اب پشیمان ہو کے آئی ہو کیا ماضی پر
یا مجھے اور ستانے کے لیے آئی ہو
پیار کی پہلی غزل بن کے ہو آئی یا پھر
آخری گیت سنانے کے لیے آئی ہو
آئی ہو تم مرے زخموں پہ لگانے مرہم
یا نئے زخم لگانے کے لیے آئی ہو