ناظم سلطانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ ایک پل کو مجھے اتنا سچ لگا تھا کہ بس (غزل)
وہ ایک پل کو مجھے اتنا سچ لگا تھا کہ بس
وہ حادثہ تھا مگر ایسا حادثہ تھا کہ بس
وہ پہلے پہلے ملا تھا تو یوں سجا تھا کہ بس
پھر اس کے بعد تو ایسا اجڑ گیا تھا کہ بس
میں اپنے گاؤں کے دیوار و در پہ کیا لکھتا
وہاں تو ایسا اندھیرا چنا ہوا تھا کہ بس
وہ ایک عام سا لہجہ تھا بھیگے موسم کا
نگاہ و دل میں مگر یوں اتر گیا تھا کہ بس
بس ایک موڑ تلک ہم سفر دلاسے تھے
پھر اس کے بعد تو وہ سخت مرحلہ تھا کہ بس
غریب ٹوٹ نہ جاتا تو اور کیا کرتا
تمام عمر زمانے سے یوں لڑا تھا کہ بس
نہ آ سکا وہ مرے گھر تو کیا ہوا ناظمؔ
کہ راستہ بھی تو ایسا گھماؤ کا تھا کہ بس
زندگی کروٹیں بدلتی ہے (غزل)
زندگی کروٹیں بدلتی ہے
آ بھی جاؤ کہ رات ڈھلتی ہے
صبح نو کی حسیں عمارت میں
رات کی تیرگی مچلتی ہے
زندگی کتنے ماہ و سال کے بعد
اب ذرا پاؤں پاؤں چلتی ہے
ہم تہی خواب ہیں تو کیا دل میں
خواب کی آرزو تو پلتی ہے
چند لفظوں کا زلزلہ ہے مگر
دل کی بنیاد تک دہلتی ہے
ہم کوئی تیری وہ نظر تو نہیں
باتوں باتوں میں جو بدلتی ہے
آؤ کچھ دیر سینک لیں آنکھیں
کوئی دنیائے شوق جلتی ہے
کس کی آہٹ کا شور ہے ناظمؔ
نغمگی سی فضا میں ڈھلتی ہے