پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ناظم قمر کی غزلیں — Nazim Qamar Ghazals

ناظم قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

راستہ تنگ ہے لیکن ہمیں چلنا ہوگا (غزل)

راستہ تنگ ہے لیکن ہمیں چلنا ہوگا

بھیڑ سے بچ کے بہرحال نکلنا ہوگا

لے لیا ہم نے مقدر سے گلابوں میں جنم

اب یہ سچائی ہے کانٹوں میں ہی پلنا ہوگا

جن چراغوں پہ اجالوں کی ہے ذمہ داری

آندھیوں میں بھی بلا خوف انہیں جلنا ہوگا

ہم نے برفیلی چٹانوں سے محبت کر لی

وہ پگھلتی ہیں تو ہم کو بھی پگھلنا ہوگا

آدمی سے لقب انسان کا پانے کے لئے

اپنے ارمان کو سختی سے کچلنا ہوگا

اے قمرؔ پیچ و خم راہ پہ چلنا ہے تجھے

ہر قدم پر ترے ٹھوکر ہے سنبھلنا ہوگا

دور حاضر کا یہ کردار خدا خیر کرے (غزل)

دور حاضر کا یہ کردار خدا خیر کرے

ماں سے بیٹے کو نہیں پیار خدا خیر کرے

پیار اوروں میں تو ہم بانٹ رہے تھے کل تک

آج آپس میں ہے تکرار خدا خیر کرے

بسکہ آباد ہمارے ہی لہو سے ہے چمن

ہم چمن کے نہیں حق دار خدا خیر کرے

ایک نا اہل ہے اس وقت چمن کا مالی

پھول بھی تو نہیں بیدار خدا خیر کرے

چھوٹ کر ہاتھ سے دو چار گریں تو کیا ہو

ایک تھالی کی یہ جھنکار خدا خیر کرے

نامکمل ہے نشیمن مرا لیکن بجلی

بن گئی طالب دیدار خدا خیر کرے

جانے کب کیسے قمرؔ پیاس بجھے گی اس کی

پی رہی ہے لہو تلوار خدا خیر کرے

مزید غزلیں از ناظم قمر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں