پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ناظم نقوی کی غزلیں — Nazim Naqvi Ghazals

ناظم نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شہر میری مجبوری گاؤں میری عادت ہے (غزل)

شہر میری مجبوری گاؤں میری عادت ہے

ایک سانحہ مجھ پر اک مری وراثت ہے

یہ بھی اک کرشمہ ہے بیسویں صدی تیرا

موت کے شکنجے میں زندگی سلامت ہے

پھر انیسؔ منبر پر مرثیہ پڑھیں آ کر

کربلا یہ دنیا ہے ہر گھڑی شہادت ہے

جیسے چاہے جی لیجے پھینکیے یا پی لیجے

زندگی تو ہر گھر میں چار دن کی مہلت ہے

وقت کے بدلنے سے دل کہاں بدلتے ہیں

آپ سے محبت تھی آپ سے محبت ہے

مسکرا کے کھل جانا کھل کے پھر بکھر جانا

ان دنوں تو پھولوں میں آپ سی شرارت ہے

ایک صدا یہ آتی ہے میری خواب گاہوں میں

دل کو چین آ جانا درد کی علامت ہے

تو گیا نمازوں میں میں گیا جوازوں میں

وہ تری عبادت تھی یہ مری عبادت ہے

میری رائے پوچھو تو یہ بری بھلی دنیا

آپ جتنے اچھے ہیں اتنی خوبصورت ہے

دیکھیے کس کو راس آتے ہیں (غزل)

دیکھیے کس کو راس آتے ہیں

اچھے دن سب کے پاس آتے ہیں

ایک بھی کام کا نہیں ہوتا

فون دن میں پچاس آتے ہیں

کل تو وعدہ بھرے گلاس کا تھا

آج خالی گلاس آتے ہیں

تم کو بدلاؤ چاہئے ٹھہرو

ہم بدل کر لباس آتے ہیں

پہلے بنتی ہے سیتا اپرادھی

بعد میں تلسی داس آتے ہیں

ساری دنیا سے مل ملا کر ہم

آخرش اپنے پاس آتے ہیں

شام ہوتی ہے تب کہیں جا کر

واپس اپنے حواس آتے ہیں

جانے کیا ہو گیا ہے ناظمؔ کو

ہر جگہ وہ اداس آتے ہیں

مزید غزلیں از ناظم نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں