پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nazeer Nadir کی غزلیں — Nazeer Nadir Ghazals

Nazeer Nadir کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ظلم جب حد سے سوا ہو تو عیاں ہوتا ہے (غزل)

ظلم جب حد سے سوا ہو تو عیاں ہوتا ہے

دست مظلوم میں بھی سنگ گراں ہوتا ہے

آہیں بھرنے کے سوا کچھ نہ کرے گا لیکن

اک دھماکہ ہی تو تاثیر فغاں ہوتا ہے

جان کر بے سر و سامان کبھی ظلم نہ کر

ساتھ مظلوم کے خود رب جہاں ہوتا ہے

کون ہے وحشی یہاں کون ہے مظلوم بھلا

اس کا اخبار میں ہر روز بیاں ہوتا ہے

تنکے بن کر یوں ہی بہہ جاتے ہیں ظالم سارے

جب بھی انصاف کا سیلاب رواں ہوتا ہے

وقت کے آنے سے پہلے ہی سنبھل جا ورنہ

رونا دھونا ترا بالکل ہی زیاں ہوتا ہے

ظلم پر خامشی دانائی نہیں ہے نادرؔ

جانتا خوب ہے جو اہل زباں ہوتا ہے

ہو سال نو بہشت کا درپن خدا کرے (غزل)

ہو سال نو بہشت کا درپن خدا کرے

ہر گھر مسرتوں کا ہو مسکن خدا کرے

جاگ اٹھیں اب دلوں میں محبت کے ولولے

ٹھنڈا ہو نفرتوں کا یہ ایندھن خدا کرے

ہر شخص ہر غریب کی پوری مراد ہو

ہوں زندگی کے راستے چندن خدا کرے

احساس اور شعور کے تنور جل اٹھیں

جل کر ہمارے شہری ہوں کندن خدا کرے

ہر قافلے کو خیر کی منزل ملے سدا

ہر بن ہو اس کی راہ میں گلشن خدا کرے

نیکی کے راستے سے ہوں دشواریاں بھی دور

ساری برائیوں پہ ہو قدغن خدا کرے

انسانیت کا قتل جو کرتے ہیں رات دن

زنداں کی تیرگی میں ہوں دشمن خدا کرے

مزید غزلیں از Nazeer Nadir ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں