Nazeer Muzaffarpuri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گم بہ خود بیگانۂ ہر عیش محفل ہو گئے (غزل)
گم بہ خود بیگانۂ ہر عیش محفل ہو گئے
ان سے مل کر اور بھی تنہا ہم اے دل ہو گئے
کتنی نامنظور قدریں تھیں جو اپنانی پڑیں
کتنے ہی پیارے عقائد تھے جو باطل ہو گئے
علم جب کچھ بھی نہ تھا تو اس قدر جاہل نہ تھے
علم کچھ حاصل ہوا تو اور جاہل ہو گئے
زندگی کا لطف طوفاں میں ہے طغیانی میں ہے
حیف جو آسودۂ آغوش ساحل ہو گئے
یہ ہے مے خانہ ادب لازم ہے یہ مسجد نہیں
دیر سے آئے صف اول میں شامل ہو گئے
کاش یہ سمجھیں ستم کیشان نیویارک اے نظیرؔ
کوئی ہے جس کے لیے ہم ان سے غافل ہو گئے
بس اور کیا کہوں اس سلسلہ میں توبہ ہے (غزل)
بس اور کیا کہوں اس سلسلہ میں توبہ ہے
مجھے جو پہنچا ہے دکھ دوستوں سے پہنچا ہے
مرے وجود سے حیرت میں ہے مفسر عقل
وہ راز ہوں جو نہ مستور ہے نہ افشا ہے
مجھے حیات سے ہے اس لیے بھی دلچسپی
یہ ایک دن کا نہیں عمر بھر کا سودا ہے
وہ تیرے لطف تبسم کی نغمگی اے دوست
کہ جیسے قوس قزح پر ستار بجتا ہے
یہ زندگانی عبارت خلش سے ہے یعنی
خلش جو ہے تو چمن ہے نہیں تو صحرا ہے
ہیں تیری عشوہ گری کے یہ مختلف پہلو
کلیسا کیا ہے حرم کیا ہے بت کدہ کیا ہے
نظیرؔ قصۂ زخم نہاں کہوں کس سے
یہ داستان الم سخت روح فرسا ہے