Nazeer Mohammad Arzu Jaipuri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں ہوں وہ رند مرے جاتے ہی مے خانے میں (غزل)
میں ہوں وہ رند مرے جاتے ہی مے خانے میں
منہ صراحی بھی چھپانے لگی پیمانے میں
واہ کیا وحشت دل ہے کہ الٰہی توبہ
گھر میں رہتا ہوں مگر رہتا ہوں ویرانے میں
جن سے امید میں رکھتا ہوں ہزاروں افسوس
میرے گھر تک بھی تکلف ہے انہیں آنے میں
شیخ جی آج تو دستار فضیلت بھی نہیں
رہن کیا اس کو بھی رکھ آئے ہو مے خانے میں
درد سر کا ہے بہانہ تو کبھی مہندی کا
روز اک عذر ہے ان کو مرے گھر آنے میں
میرا تو کیا خوشی میں رہوں یا ملال میں (غزل)
میرا تو کیا خوشی میں رہوں یا ملال میں
تم خوش رہو جہاں بھی رہو جس خیال میں
ہوں محو میں تو ایسا کسی کے خیال میں
کچھ امتیاز ہی نہیں ہجر و وصال میں
تیرے خیال ہی کی بدولت ہے زندگی
تو ہے تو اک جہان ہے میرے خیال میں
حائل اگر ہزار ہوں پردے تو کچھ نہیں
تم ہو مری نگاہ میں دل میں خیال میں
ہوتا رہے کرم جو یوں ہی اے خیال یار
لغزش نہ ہو کبھی مرے پائے خیال میں
ہے تو تو ہر گھڑی مری آنکھوں کے سامنے
آتا ہوں میں بھی کیا کبھی تیرے خیال میں
شعر و سخن کی آرزوؔ اب داد کیا ملے
ذوق سخن ہی جب نہیں اہل کمال میں