پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nazeer Mirza Barlas کی غزلیں — Nazeer Mirza Barlas Ghazals

Nazeer Mirza Barlas کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پریشاں خاطری میں لب پہ کیوں آئے دعا میری (غزل)

پریشاں خاطری میں لب پہ کیوں آئے دعا میری

نہ رسوائے جہان آرزو ہوگی وفا میری

مجھے عہد گزشتہ کی وفائیں یاد آتی ہیں

مری اس انتہا سے خوب تھی وہ ابتدا میری

مری فطرت کا مقصد ہے تغیر آشنا رہنا

نہ غم ہی مستقل میرا نہ راحت دیر پا میری

مقدر میں نہیں ہے کامران آرزو ہونا

سزاوار اجابت ہو نہیں سکتی دعا میری

نظیرؔ اپنے جنوں کی شوخیاں ہیں یاد اب تک بھی

طبیعت تھی قیامت کی سکوں نا آشنا میری

جلا کر آسماں رکھ دیں الٹ کر یہ زمیں رکھ دیں (غزل)

جلا کر آسماں رکھ دیں الٹ کر یہ زمیں رکھ دیں

کسی کے آستاں پر آہ کھینچیں اور جبیں رکھ دیں

فلک بجلی گرائے باغباں ظلم و ستم توڑے

یہ اپنے چار تنکے ہی اٹھا کر ہم کہیں رکھ دیں

سر سودا زدہ میں مضطرب سجدے معاذ اللہ

کسی کا سامنا ہو پائے نازک پر جبیں رکھ دیں

فرشتے لیتے جائیں اپنے دامن میں مرے آنسو

محبت کے ستارے عرش عالی کے قریں رکھ دیں

نذیرؔ ان کی شباب افروز لغزش کا تقاضا ہے

خراب شوق سجدہ حاصل دنیا و دیں رکھ دیں

موجوں کی جوانی میں تلاطم ہے ابھی تک (نظم)

موجوں کی جوانی میں تلاطم ہے ابھی تک

سیلاب ہوا شورشوں میں گم ہے ابھی تک

بہتے چلے جاتے ہیں یہ مہکے ہوئے دھارے

کرتے ہیں اشارے

ہنستے ہیں نظارے

آباد ہیں اب تک میرے جہلم کے کنارے

اب تک اسی انداز سے ہنستی ہیں فضائیں

اب تک اسی خوشبو سے مہکتی ہیں ہوائیں

آتی ہیں اسی طور گھٹا ٹوپ گھٹائیں

اب تک اسی ماحول میں پلتے ہیں نظارے

چاند اور ستارے

یہ نور کے پارے

آباد ہیں اب تک مرے جہلم کے کنارے

پنگھٹ پہ جواں لڑکیاں آتی ہیں ابھی تک

پریوں کی طرح ناچتی گاتی ہیں ابھی تک

ہنستا ہوا ماحول بساتی ہیں ابھی تک

آنکھوں میں جھلکتے ہیں جوانی کے شرارے

رنگین ستارے

معصوم اشارے

جامن کے درختوں کی وہی چھاؤں گھنیری

اور ان سے ذرا ہٹ کے مرے کھیت کی بیری

رومان کی دنیا ابھی محفوظ ہے میری

ان سایوں تلے ہم نے کئی پہر گزارے

بستی سے کنارے

کیا دن تھے ہمارے

دنیا نے نہ دیکھا مرا رنگین فسانہ

جہلم کو مگر یاد ہے شاعر کا فسانہ

پروان چڑھا ہوں انہیں موجوں کے سہارے

دیکھے ہیں نظارے

ہیں ذہن میں سارے

مزید غزلیں از Nazeer Mirza Barlas ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں